جمہوریت کو اپنی کرپشن کیلئے استعمال کرنے والے جعلی چیمپئن بن رہے ہیں،شہباز گل

shahbaz gill,ahsan iqbal,fake champion,corruption,pm advisor
فائل فوٹو

اسلام آباد:وزیر اعظم کے معاون شہباز گِل  نے  احسن اقبال کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ   معیشت کو کریش کرنے والی ن لیگ اس دیوالیہ پن کی ذ مہ دار ہے، عوام جانتی ہے کہ تین دھائیوں سے لوٹ مار میں مصروف ٹولہ دگرگوں معیشت کا ذمہ دار  ہے،  باقی ملک اس لیے آگے نکل گئے کیونکہ وہاں میاں مفرور جیسے کرپٹ لیڈرز نہیں تھے،  نہ ہی ان ملکوں پر ارسطو جیسے درباری مسلط تھے۔

تفصیلات کے مطابق اپنے بیان میں  وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا تھا   جمہوریت کو اپنی کرپشن کیلئے استعمال کرنے والے جعلی چیمپئن بن رہے ہیں،   حکومت ملتے ہی 11 ارب ڈالر قرض کی قسط کی ادائیگی کا چیلنج اور 20 ارب ڈالر کا خسارہ ملا، مسلم لیگ نے 2018 میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 19 ارب 19 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز پر چھوڑا ،  گزشتہ ماہ 73 ملین ڈالر کے سرپلس ہوا۔

گذشتہ ماہ برآمدات 29 فیصد بڑھیں جبکہ ترسیلاتِ زر میں نو فیصد اضافہ ہوا،  معیشت کی یہ بہتری عمران خان کی وژن کی وجہ سے ہے،    کاروبار جسے آپ نے مہنگی بجلی کی وجہ سے تباہ کیا آج دوبارہ بحال ہو رہا ہے،  صنعتوں کی ترقی سے نوکریوں میں اضافہ ہو رہا ہے   نوجوانوں کو اپنا کاروبار کرنے کے لیے قرض دیئے جا رہے ہیں ۔

قبل ازیں احسن اقبال نے کہا کہ افغانستان کی کرنسی پاکستان سے آگے نکل گئی ہے ،ملک کی آبادی 22 کروڑ ،فی کس آمدنی گررہی ہے ،مستقبل میں ملک میں بیروزگاروں میں اضافہ ہوگا ،ایک سلیکٹڈ کو بٹھا کر ملک کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ،نالائق ڈرائیور 22 کروڑ عوام کے ایکسیڈنٹ  پر تلا ہے ۔

سابق وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ ہم تنہا کیسے دشمنوں کی  سازشوں کا مقابلہ کرسکتے ہیں،معیشت دیوالیہ کر دی جائے تو قومی طاقت کمزور ہو جاتی ہے ،

ملک داخلی ،خارجی   اور معاشی طور پر کمزور ہو گیا ہے ،مودی نے کشمیر کی متنازعہ حیثیت تبدیل کردی ۔