سابق جنوبی افریقی بلے باز گیری کرسٹن کو قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ بنائے جانے کا امکان

سابق جنوبی افریقی بلے باز گیری کرسٹن کو قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ بنائے جانے کا امکان
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ایک مرتبہ پھر غیر ملکی ہیڈ کوچ لائے جانے کا امکان ہے اور اس ضمن میں گیری کرسچن کا نام زیر غور ہے۔ 
ذرائع کے مطابق پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجہ ذاتی طور پر قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کی تلاش میں دلچسپی لے رہے ہیں اور ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی افریقہ کے سابق ٹیسٹ کرکٹر گیری کرسچن مضبوط امیدوار بن کر سامنے آئے ہیں کیونکہ جب کوچنگ کی بات ہو تو گیری کرسچن کا نام چند بہترین کوچز کے طور پر سامنے آتا ہے۔ 
واضح رہے کہ گیری کرسچن 2008 سے 2011 تک بھارتی کرکٹ ٹیم کے کوچ رہ چکے ہیں اور ان کی کوچنگ میں بھارت نے ورلڈکپ میں بھی کامیابی حاصل کی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق آسٹریلین بلے باز سائمن کیٹچ اور سابق انگلش کرکٹر پیٹر موریس کے ناموں پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ 
قومی کرکٹ ٹیم اس وقت متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں شریک ہے اور سابق آسٹریلین اوپننگ بلے باز میتھیو ہیڈن بیٹنگ کنسلٹنٹ کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں ، قومی ٹیم بھارت اور نیوزی لینڈ کو شکست بھی دے چکی ہے۔ 
یاد رہے کہ رمیز راجہ کے چیئرمین پی سی بی منتخب ہونے کے بعد ہیڈ کوچ مصباح الحق اور باﺅلنگ کوچ وقار یونس نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دیدیا تھا جس کے بعد ثقلین مشتاق کو قومی ٹیم کا عارضی کوچ مقرر کیا گیا ہے جبکہ میتھیو ہیڈن بیٹنگ کنسلٹنٹ اور ویرنون فلینڈر باﺅلنگ کوچ کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔