قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق فائنل میں پاکستانی ٹیم کا مقابلہ کس کیساتھ دیکھنا چاہتے ہیں؟

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق فائنل میں پاکستانی ٹیم کا مقابلہ کس کیساتھ دیکھنا چاہتے ہیں؟
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

شارجہ: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے کہا ہے کہ میں چاہتا ہوں قومی ٹیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کے فائنل تک پہنچے جہاں اس کا مقابلہ بھارت کیساتھ ہو اور بابر الیون ایک بار پھر کامیابی سمیٹے۔ 
شارجہ میں ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے کہا کہ پاکستان نے ٹی 20 ورلڈکپ میں پر اعتماد آغاز کیا ہے اور کھلاڑی بہترین انداز میں ایک دوسرے کے مورال میں اضافہ کرنے میں مصروف ہے جس کا اندازہ میدان میں ان کی کارکردگی سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے۔ 
ثقلین مشتاق نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے فائنل میں پہنچنے کیساتھ ساتھ بھارت کے فائنل میں جانے کی خواہش بھی ظاہر کی اور کہا کہ دونوں کا فائنل میں مقابلہ ہو اور پاکستانی ٹیم ایک مرتبہ پھر کامیابی سمیٹے، قومی ٹیم نے ابتدائی میچ میں جو تاریخی کامیابی حاصل کی ہے وہ مدتوں یاد رکھی جائے گی۔ 
مختصر فارمیٹ کے میگا ایونٹ میں جمعہ کے روز شیڈول پاکستان اور افغانستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان میچ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شارجہ کی وکٹ آسان نہیں اور اس کے علاوہ کسی بھی ٹیم کو آسان نہیں لے رہے، ہمارا مشن اچھی کرکٹ کھیلنا اور بہترین کارکردگی پیش کرنا ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ افغانستان کی کرکٹ ٹیم کے پاس ورلڈ کلاس سپنرز موجود ہیں اس لئے ہمیں سپنرز کے خلاف اپنی پلاننگ کے مطابق کھیلنا ہو گا، محمد نبی، راشد خان اور مجیب زدران افغانستان کے اہم کھلاڑی ہیں جو میچ میں سنسنی پیدا کرنے اور کھیل کا پانسہ پلٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ 
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے ٹی20 ورلڈکپ میں پہلے بھارت کو 10 وکٹوں کی تاریخی شکست سے دوچار کیا اور پھر نیوزی لینڈ کو بھی سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے ہرایا اور اب اس کا تیسرا میچ افغانستان کے خلاف ہے جو 29 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ 
اگر پاکستانی ٹیم افغانستان کو شکست دینے میں کامیاب ہوئی تو سیمی فائنل میں رسائی یقینی ہو جائے گی جبکہ اس گروپ میں شامل نیوزی لینڈ اور بھارت کی ٹیمیں اپنا پہلا میچ ہار چکی ہیں اور سیمی فائنل میں رسائی کے امکانات روشن رکھنے کیلئے دونوں کیلئے ہی جیت ضروری ہے ، دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ دونوں ٹیمیں اگلا میچ ایک دوسرے کے خلاف ہی کھیلیں گی جو 31 اکتوبر کو شیڈول ہے۔