پاک چین اقتصادی راہداری کی بروقت مکمل کریں گے، شاہد خاقان عباسی

پاک چین اقتصادی راہداری کی بروقت مکمل کریں گے، شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد :  وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے بلوچستان کے عوام کو غیر معمولی ثمرات ملیں گے۔ پاکستان کی تمام سیاسی ، جمہوری اور دیگر قوتیں سی پیک منصوبے کی کامیابی کے لیے کوشاں ہیں۔ اس منصوبے کو بروقت مکمل کرنے کے لیے کوئی دقیقہ فروغ گزاشت اٹھا نہیں رکھیں گے شراکت داروں کی مشاورت سے صوبے میں قیام امن کا سلسلہ جاری رہے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری سے ملاقات میں کیا۔ وزیر اعظم نے واضح کیا کہ ملک بھر کے عوام کو سی پیک کے یکساں فوائد ملیں گے بالخصوص پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں تعمیر و ترقی کا نیا دور شروع ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک اور پاک چین دوستی کے تحت دیگر معاہدوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں پاکستان کی ساری سیاسی اور جمہوری قوتیں سی پیک کے معاملے پر یکجا ہیں۔

ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران مولانا عبدالغفور حیدری نے بلوچستان میں قیام امن ، صوبے کے عوام کو قومی دھارے میں لانے اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تجاویز دیں ۔وزیر اعظم نے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی تجاویز کی روشنی میں فوری طور پر ہدایات جاری کر دیں ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ صوبہ بلوچستان کے عوام کے مسائل ہماری ترجیحات میں شامل ہیں اور وفاقی حکومت کی جانب سے تعمیر و ترقی کے لیے جو فیصلے کیے گئے ان پر عملدرآمد کی وہ خود نگرانی کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو قلات میں ایل پی جی پلانٹ لگانے تحصیل قلات کے علاقے کپوتو میں نئے گرڈ سٹیشن کی یقین دہانی بھی کرا دی ہے۔