عمران خان نے شہباز شریف کو چیئرمین پی اے سی بنانے سے روک دیا

عمران خان نے شہباز شریف کو چیئرمین پی اے سی بنانے سے روک دیا
کیپشن: فوٹو بشکریہ پی آئی ڈی

اسلام آباد: وزیراعظم نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین شہباز شریف کو مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روک دیا ۔


ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پی اے سی کی چیئرمین شپ کے لیے اپوزیشن رہنماؤں کی آرا سے وزیراعظم عمران خان کو آگاہ کیا۔اسپیکر نے سیاسی و جمہوری روایت کے مطابق اپوزیشن لیڈر کے چیئرمین پی اےسی ہونے سے متعلق بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔وزیراعظم نے بھی شہباز شریف کو چیئرمین پی اے سی بنانے سے متعلق سینئر رہنماؤں کے تحفظات سے اسپیکر قومی اسمبلی کو آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے ملاقات میں جمہوری تسلسل اور اپوزیشن سے تعلقات کو بہتر بنانے پر زور دیا اور بعض وزراء کے ایوان میں رویے پر اپنے تحفظات سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور اسپیکر اسد قیصر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے نام کے حوالے سے حتمی فیصلہ نہ ہو سکا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو چیئرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی کے بارے میں عملی قدم اٹھانے سے روک دیا ہے۔ذرائع کے مطابق چیئرمین پی اے سی کے بارے میں حتمی فیصلہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی وطن واپسی تک مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کی زیرصدارت پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین شہباز شریف کو بنانے کا فیصلہ کیا گیا جس پر پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں نے اپنے تحفظات کا اظہار بھی کیا تھا لیکن ان کے تحفظات کو یکسر نظر انداز کر دیا گیا!