عمران خان کی تقریر پر بھارت سیخ پا، جواب دینے کا حق مانگ لیا

عمران خان کی تقریر پر بھارت سیخ پا، جواب دینے کا حق مانگ لیا

نیویارک،نئی دہلی :اقوام متحدہ میں وزیر اعظم عمران خان کی مقبوضہ کشمیر پر تاریخی تقریر پر بھارت نے جواب دینے کا حق مانگ لیا۔

تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کشمیر کی صورتحال پر وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بھرپور انداز میں پاکستان کا بیانیہ پیش کیے جانے کے بعد بھارت نے جواب دینے کیلئے اقوام متحدہ میں رائٹ ٹو رپلائی مانگ لیا۔بھارتی میڈیا کا کہناہے کہ بھارت کی جانب سے عمران خان کے خطاب پر ردعمل دینے کے لئے رائٹ ٹورپلائی مانگا گیا ہے۔

بھارتی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ بھارت عمران خان کی تقریر پر جواب کا حق استعمال کرے گا اور ان کے اٹھائے گئے سوالات کے جواب دے گا۔

خیال رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریند مودی نے عمران خان سے پہلے جنرل اسمبلی سے خطاب کیا تھا لیکن وہ اپنی تقریر میں اقوام عالم کو یہ بتاتے رہے کہ ان کے دور حکومت میں بھارت میں 11 کروڑ ٹوائلٹس تعمیر کیے گئے ہیں جبکہ عمران خان نے اپنی تقریر میں انتہائی مدلل انداز میں ماحولیاتی آلودگی، اسلامو فوبیا، روہنگیا مسلمان ، دہشتگردی اور پاک بھارت تعلقات کے حوالے سے بات کی تھی۔

دوسری جانب بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریز سے ان کے 8 اگست کے بیان پر ناراضی کے اظہار کے طور پر رسمی ملاقات نہیں کی اور وہ اپنی تقریر کے بعد بغیر ملاقات ہی واپس بھارت روانہ ہورہے ہیں۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرنے والے سربراہان مملکت اور سربراہان حکومت اقوام متحدہ کے سالانہ اجلاس کے دوران یو این سیکریٹری جنرل سے رسمی ملاقات کرتے ہیں لیکن بھارتی وزیراعظم نے اپنی تقریر سے قبل یا بھارت واپسی سے قبل اس رسمی ملاقات کی نہ درخواست کی اور نہ ہی عمل کیا۔