طلال چودھری کی سیاست پر تاحیات پابندی عائد کرنے کا مطالبہ، قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

طلال چودھری کی سیاست پر تاحیات پابندی عائد کرنے کا مطالبہ، قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چودھری کی سیاست کرنے پر تاحیات پابندی عائد کرنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی ہے۔

یہ قرارداد حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹٰی آئی) کی رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ (ن) لیگ کے سابق وزیر طلال چودھری نے اپنی ہی پارٹی کی معزز خاتون ممبر قومی اسمبلی کو تنظیم سازی کی آڑ میں رات تین بجے ہراساں کیا۔

متن میں کہا گیا ہے کہ طلال چودھری کی اس حرکت پر خاتون ممبر کے بھائیوں نے اس کی ہڈیاں توڑ دیں۔ وہ اس واقعہ سے قبل بھی خواتین کو ہراساں کرنے کے مرتکب ہوتے رہے ہیں۔ وہ خواتین کے ساتھ نازیبا سلوک کرنے میں مشہور ہیں۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ صوبائی اسمبلی پنجاب کے ایوان کا (ن) لیگ کے اکابرین خصوصاً مریم صفدر سے مطالبہ ہے کہ طلال چودھری کو معزز خاتون ممبر قومی اسمبلی کو ہراساں کرنے پر پارٹی سے فوری طور پر نکالا جائے۔

متن میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان الیکشن کمیشن سے بھی مطالبہ کرتا ہے کہ طلال چودھری کی سیاست کرنے پر تاحیات پابندی عائد کی جائے۔