ملک میں ون پارٹی سیاست کی سازش ہو رہی ہے:احسن اقبال 

ملک میں ون پارٹی سیاست کی سازش ہو رہی ہے:احسن اقبال 

لاہور :رہنما ن لیگ احسن اقبال نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا پاکستان میں جمہوریت کا آج ایک اور سیاہ دن ہے ،شہباز شریف کو نیب گردی کے ذریعے گرفتار کیا گیا ،ون پارٹی ریاست قائم کرنے کیلئے اپوزیشن کو دبایا جا رہا ہے ،احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی کامیابی سے خوفزدہ ہو کر شہباز شریف کو گرفتار کیا گیا ۔

احسن اقبال نے کہا گلگت بلتستان میں مسلم لیگ ن کا ووٹر اپنے ووٹ اور مینڈیٹ کی حفاظت کرے گا،گلگت بلتستان میں ن لیگ کی کامیابی کے روشن امکانات ہیں ،ملک میں ون پارٹی سیاست کی سازش ہو رہی ہے ،ن لیگ ملک کے کونے کونے میں شہباز شریف کی گرفتاری پر احتجاج کریگی ،ہم قومی اسمبلی اور سینٹ اجلاس کی ریکوزیشن کرینگے ۔

واضح رہے پاکستان مسلم ن کے صدر میاں شہباز شریف کو  آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں عبوری  ضمانت خارج ہونے پر نیب ٹیم نے حراست میں لے لیا تھا ،اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں عبوری ضمانت خارج ہونے پر گرفتار کرلیا گیا۔جسٹس سردار احمد نعیم اور جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل بنچ نے شہباز شریف کی عبوری ضمانت پر تفصیلی دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنایا۔درخواست میں چیئرمین نیب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا  تھا۔