اداکار عمر شریف علاج کے لئے امریکا روانہ

اداکار عمر شریف علاج کے لئے امریکا روانہ

کراچی : پاکستان کے معروف کامیڈی اداکار عمر شریف علاج کے لئے امریکا روانہ ہوگئے ۔ عمر شریف امریکی ائیر ایمبولنس میں براستہ جرمنی واشنگٹن پہنچیں گے ۔

تفصیلات کے مطابق معروف اداکار عمرشریف عارضہ قلب میں مبتلا ہو نے کی وجہ سے شدید علیل ہیں ۔ امریکا جانے والی ائیر ایمبولینس میں عمر شریف کی اہلیہ زرین عمر بھی ان کے ساتھ گئی ہیں جبکہ عمر شریف کے دونوں بیٹے جواد عمر اور فواد عمر الگ فلائیٹ میں امریکا پہنچیں گے ۔

سینئر  اداکار  عمر شریف علاج کے لئے ایئر ایمبولینس کے ذریعے براستہ جرمنی امریکا روانہ ہوئے ہیں ۔ عمر شریف کی روانگی سے قبل ڈاکٹرز کی ٹیم نے ایئر ایمبولینس میں ان کا طبی معائنہ کیا۔ ایف آئی اے کی جانب سے ضروری سفری کارروائی مکمل کی گئی۔ جب کہ سی اے اے کی جانب سے ایئر پورٹ منیجر عمران خان نے انتظامات مکمل کئے۔

 اس سے قبل عمر شریف کو آغا خان اسپتال سے ایمبولینس کے ذریعے ایئرپورٹ روانہ کیا گیا تھا۔ روانگی سے قبل عمر شریف کی اہلیہ زرین عمرنے کہا تھا ہائی رسک فلائٹ ہے دعا کریں سب ٹھیک رہے۔

خیال رہے ایئرایمبولینس گزشتہ روز عمرشریف کو لینے کراچی پہنچی تھی۔

ذرائع کے مطابق امریکا میں مقیم امراض قلب کے ماہرڈاکٹراورپاکستانی اداکارہ ریما خان کے شوہرڈاکٹر طارق شہاب نے واشنگٹن میں عمرشریف کے علاج معالجے کے تمام انتظامات کیے ہیں اوروہ پاکستانی ڈاکٹروں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

عمرشریف کو ایئرایمبولینس کے ذریعے جارج واشنگٹن اسپتال منتقل کیا جائے گا۔ جہاں ان کے دل کے والو کا ایک بالکل نئی تکنیک ’مائٹرل والو کلپنگ‘ کے ذریعے علاج کیا جائے گا۔ اس ٹیکنالوجی کی بدولت اوپن ہارٹ سرجری کے بغیر ہی والو کا علاج کیا جاتا ہے۔

اداکار عمر شریف نے علالت کے دوران ویڈیو میسیج میں وزیراعظم عمران خان سے علاج کے دوران انتظامات مکمل کرنے کے لئے مدد کی درخواست کی تھی ۔