کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے کھانے والی دوائی کا ٹرائل شروع

Pfizer is investigating an oral antiviral drug that could prevent Covid-19 infection
کیپشن: فائل فوٹو

لندن: کووڈ 19 سے بچاؤ کیلئے جہاں اس وقت پوری دنیا میں انجکشن کے ذریعے ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے تو وہیں اب فائزر نے اینٹی وائرل دوا کے ٹرائل کا آغاز کر دیا ہے۔

فائزر کی جانب سے یہ اعلان ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب امریکا ہی کی ایک اور کمپنی مرسک اینڈ کو اور سوئس کمپنی روشی ہولڈنگ اے جی کی جانب سے بھی کووڈ 19 کے علاج کیلئے پہلی اینٹی وائرل دوا کی تیاری کا کام مزید تیز کر دیا گیا ہے۔

فائزر حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس کی اینٹی وائرل دوا PF 07321332 کے اس ٹرائل میں 18 سال یا اس سے زائد عمر کے 2660 ایسے صحت مند افراد کو شامل کیا جائے گا جو کسی ایسے گھر میں رہ رہے ہوں جہاں کسی فرد میں کووڈ 19 کی تشخیص ہوئی ہوگی۔

کمپنی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ ایچ آئی وی کے علاج کیلئے استعمال ہونے والی ایک عام دوا ہے۔ خیال رہے کہ فائزر کی جانب سے اس دوا کے پہلے ٹرائل کا آغاز بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں چند ماہ پہلے شروع کیا گیا تھا۔