نوجوت سنگھ سدھو کانگریس پنجاب کے سربراہ کے عہدے سے مستعفی ہو گئے

نوجوت سنگھ سدھو کانگریس پنجاب کے سربراہ کے عہدے سے مستعفی ہو گئے
کیپشن: نوجوت سنگھ سدھو کانگریس پنجاب کے سربراہ کے عہدے سے مستعفی ہو گئے
سورس: فائل فوٹو

امرتسر:  بھارتی پنجاب کے نئے وزیراعلی آنے کے بعد کانگریس کی صفوں میں ہلچل شروع ہو گئی۔ نوجوت سنگھ سدھو کانگریس پنجاب کے سربراہ کے عہدے سے مستعفی ہو گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کانگریس پارٹی کے کچھ لوگوں نے بتایا ہے کہ سدھو اس بات سے کافی مایوس ہیں کہ پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ امریندر سنگھ کے مستعفی ہونے کے بعد ان کا نام کیوں تجویز نہیں کیا گیا تاہم بھارتی میڈیا یہ امکان بھی ظاہر کر رہا تھا کہ رواں ماہ نوجوت سنگھ سدھو کو بھارتی پنجاب کا وزیرِ اعلیٰ بنا دیا جائے گا۔

سدھو نے اپنا استعفیٰ پارٹی سربراہ سونیا گاندھی کو بھیجا جس میں انہوں نے کہا کہ وہ کانگریس کیلئے اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔

خط میں انہوں نے لکھا کہ میں پنجاب کے مستقبل اور پنجاب کی فلاح و بہبود کے ایجنڈے پر کبھی سمجھوتہ نہیں کر سکتا۔ اس لیے میں پنجاب پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر کے عہدے سے استعفیٰ دیتا ہوں۔

خیال رہے کہ سدھو رواں برس ہی بھارتی پنجاب کے لیے کانگریس چیف مقرر ہوئے تھے اور ان سے قبل سنیل جاکھر پنجاب کانگریس کے سربراہ کے عہدے پر فائز تھے۔