ای وی ایم کے معاملے پر اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کیلئے تیار ہیں، فواد چودھری

ای وی ایم کے معاملے پر اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کیلئے تیار ہیں، فواد چودھری
کیپشن: ای وی ایم کے معاملے پر اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کیلئے تیار ہیں، فواد چودھری
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: فواد چودھری نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا انتخابی اصلاحات کا اہم جزو ہو گا اور ای وی ایم کے معاملے پر اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ انتخابی اصلاحات بہت ضروری ہیں اور پارلیمنٹ میں اپوزیشن کے ساتھ گفتگو خوش آئند ہے لیکن اس گفتگو کو آگے بڑھانا چاہیے۔ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نے انتخابی اصلاحات پر اپوزیشن سے بات چیت کی ہدایت کی ہے اور کابینہ کوای وی ایم اور آئی ووٹنگ پربریفنگ دی گئی جبکہ ہم نے 20 مشینیں پرائیویٹ کمپنی سے منگوائی ہیں اور شفاف انتخابات حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اوورسیز پاکستانیوں کو انتخابی نظام سے نکالنانا انصافی ہو گی کیونکہ سمندر پار پاکستانی ہماراقیمتی اثاثہ ہیں.

وفاقی وزیر نے مزید کہا اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا انتخابی اصلاحات کا اہم جزو ہو گا اور ای وی ایم معاملے پر اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔ 

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا میرٹ پر کیس چلا تو شہباز شریف 6 ماہ میں جیل جا سکتے ہیں اور پاکستان کے عوام شریف فیملی سے رقم کی ریکوری چاہتے ہیں۔ 

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے شہباز شریف کیس کا روزانہ کی بنیاد پر چلے گا اور لیگی صدر کے کیس میں کبھی ایک، کبھی دوسری خبر لگا کر خوشی کے شادیانے بجاتے ہیں اور سزا سے لڈو بانٹنے کا سلسلہ ختم ہو جائے گا۔ 

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ 2013 کے مقابلے میں موجودہ حکومت کے دور میں این ایچ اے کی سڑکوں کی تعمیر میں بہت بچت ہو رہی ہے جبکہ بڑے شہروں میں کثیر المنزلہ عمارتوں کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لیے کابینہ کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ایکسپورٹ میں 35 فیصد اضافہ ہوا ہے اور عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جس کی وجہ سے ملک میں پیڑولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا جبکہ امپورٹڈ اشیا کے استعمال کرنے والی چیزوں میں مہنگائی ہے اور کاٹن کی فصل پچھلے سال کی نسبت بہتر ہو گی جبکہ دیہات کی معیشت واضح بہتری کی طرف جا رہی ہے۔