وزیراعظم نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج شام 4 بجے دوبارہ طلب کر لیا

وزیراعظم نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج شام 4 بجے دوبارہ طلب کر لیا

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج شام 4بجے دوبارہ طلب کر لیا ہے جس میں آڈیو لیکس سمیت قومی سلامتی کے امور زیر غور آئیں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق تینوں سروسز چیفس کے علاوہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، ڈی جی آئی ایس آئی اور آئی بی کے سربراہ شرکت کریں گے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وزیر داخلہ، وزیر خارجہ، وزیر خزانہ اور وزیر اطلاعات بھی شرکت کریں گے جبکہ اجلاس میں آڈیو لیکس سے متعلق ابتدائی رپورٹ پیش کی جائے گی۔ 
ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کے اجلاس میں مغربی و مشرقی سرحدوں سے متعلق امور زیر غور آئیں گے اور خیبرپختونخوا میں بڑھتی انتہا پسندی کا معاملہ بھی زیر بحث ہو گا۔ 
واضح رہے کہ اس سے قبل پیر کے روز وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس سمیت اہم مقامات سے خفیہ ریکارڈنگ لیک ہونے کے معاملے پر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بدھ کو طلب کیا تھا تاہم گزشتہ روز اسے موخر کر دیا گیا۔ 
ذرائع کا کہنا تھا کہ اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی مصروفیات کے باعث موخر کیا گیا جبکہ وفاقی حکومت نے وزیراعظم ہاؤس سے آڈیو لیکس کی تحقیقات کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بھی تشکیل دی تھی۔ 
وزارت داخلہ کے ایک اہلکار کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی میں حساس اداروں کا ایک، ایک نمائندہ شامل ہو گا اور یہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تحقیق کرے گی کہ آئی ٹی ڈیٹا کیسے ہیک کیا گیا یا پھر کسی نے چوری کر کے فروخت کیا۔

مصنف کے بارے میں