صدر مملکت سے وزیراعظم کی ملاقات، ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال

صدر مملکت سے وزیراعظم کی ملاقات، ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی سے وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات ، ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ، جبکہ سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی ۔

اس سے قبل وزیراعظم نے کہا کہ عالمی رہنماؤں سے حوصلہ افزا ملاقاتیں ہوئیں ، چین اور روس کے صدور کے ساتھ بھی ملاقاتیں ہوئیں ۔ سمر قند میں ہونے والی شنگھائی کانفرنس میں حالیہ سیلاب پر شرکا کو آگاہ کیا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیویارک میں مختلف ملکوں کے سربراہوں سے ملاقاتیں ہوئیں ، جس میں پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں پر بات چیت ہوئی ، امریکی صدر سے ملاقات میں پاکستان سے اظہار ہمدردی اور امداد پر شکریہ ادا کیا ، عالمی برادری نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ۔

شہباز شریف نے کہا کہ ریاست بچانے کیلئے سیاست قربان ہوتی ہے تو اس میں کوئی حرج نہیں ، انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار معیشت کو بہت اچھی طرح سمجھتے ہیں ، امید ہے اسحاق ڈار معاشی حالات کو بہتر بنانے میں بھر پور کردار ادا کریں گے ۔ ہم بھاگنے والے نہیں ، معیشت کو بہتر کریں گے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ آٹے کی قیمت مقرر کرنا صوبائی معاملہ ہے ۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے کیلئے محنت کر رہے ہیں ۔ حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ، الیکشن اپنے وقت پر ہوں گے ، مہنگائی ختم کرنے کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں ۔

مصنف کے بارے میں