سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس (ر) گلزار احمد کے ڈرائیور پر تیزاب پھینک دیا گیا

سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس (ر) گلزار احمد کے ڈرائیور پر تیزاب پھینک دیا گیا

 کراچی :سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس (ر) گلزار احمد   کے ڈرائیور  پر  تیزاب  سے حملہ کردیا گیا ،  تیزاب گردی کے واقعے میں  ڈرائیور   جھلس گیا جبکہ دو بچوں سمیت تین افراد معمولی زخمی ہوئے۔

پریڈی پولیس کے مطابق واقعہ  ایمپریس مارکیٹ  کے قریب  پیش آیا۔

پولیس کے مطابق 40 سالہ خرم احمد ایم اے جناح روڈ سے ایمپریس مارکیٹ کی طرف آ رہا تھا کہ رینبو سینٹر کے قریب  نامعلوم افراد نے  اس پر تیزاب پھینک دیا ۔ٹریفک پولیس اہلکار نے اسے فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا۔

پریڈی تھانے کے ایس ایچ او سجاد خان کا کہناہے کہ خرم احمد آصف کالونی منگھوپیر روڈ کا رہائشی ہے  اور  سندھ سیکریٹریٹ کے پروٹوکول ڈپارٹمنٹ میں 14 سال سے ملازم ہے ، وہ سابق چیف جسٹس گلزار احمد کے ڈیفنس میں بنگلہ پر بحیثیت ڈرائیور نوکری کرتا ہے۔

پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب خرم احمد گھر سے ڈیوٹی پر جا رہا تھا ، ایس ایچ او پریڈی تھانہ کے مطابق صدر میں رینبو سینٹر کے آس پاس کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، پریڈی پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔