آڈیو لیکس معاملے پر رانا ثناء اللہ کی سربراہی میں اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی بنانے کی منظوری

آڈیو لیکس معاملے پر رانا ثناء اللہ کی سربراہی میں اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی بنانے کی منظوری

اسلام آباد :وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے  ،  اجلاس میں  آڈیو لیکس کے معاملے پر غور کیا گیا ۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے ، اعلامیئے کے مطابق   آڈیو لیکس کی تحقیقات کے لیے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی سربراہی میں اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی بنانے کی منظوری دی گئی  ہے ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سوشل میڈیا پر زیر گردش آڈیوز کے معاملے پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

اجلاس میں حساس اداروں کے سربراہوں نے اجلاس کو وزیراعظم ہاﺅس سمیت اہم مقامات کی سیکیورٹی، سائبر اسپیس اور متعلقہ پہلوﺅں پر تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں وفاقی وزرا کے علاوہ سروسز چیفس، حساس اداروں کے سربراہوں اور دیگر اعلیٰ حکام نے شریک ہوئے ۔ 

 اجلاس کے اعلامئے کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم ہاﺅس کی سیکیورٹی سے متعلق  خدشات اور اور ان کے تدارک کے لیے فول پروف انتظامات کے بارے میں بتایا گیا۔

اجلاس  میں کہا گیا کہ  وزیراعظم ہاﺅس سمیت دیگر اہم مقامات، عمارات اور وزارتوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں، تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے واقعات کو روکا جاسکے۔

اجلاس  میں  سائبر سیکیورٹی سے متعلق’لیگل فریم ورک‘ کی تیاری کا فیصلہ کیا اور اس کیلئے  وزارت قانون و انصاف کو   تیاری کی ہدایت کی گئی  اور   جدید ٹیکنالوجی اور سائبر اسپیس کے موجودہ تبدیل شدہ ماحول کے تناظر اور تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے سیکیورٹی، سیفٹی اور سرکاری کمیونی کیشنز کے محفوظ ہونے کو یقینی بنانے کا جائزہ  لینے کا فیصلہ کیا گیا ۔