موٹر سائیکل کی دیکھ بھال کے چند اہم طریقے

موٹر سائیکل کی دیکھ بھال کے چند اہم طریقے

لاہور :موٹر سائیکل کو دیرپا اور چلتا رکھنے کے لیے ٹیکنالوجی کے ماہر اور موٹر مکینکوں نے چند طریقے بتائے ہیں ،ان پر عمل کر کے بہتر نتائج اور موٹر سائیکل کا لمبے عرصے تک چلایا جا سکتاہے ۔ 

انجن آئل کا خیال

 انجن آئل یا گیئر آئل کو بدلنا معمول بنا لینا چاہیے جو کہ انجن اور گیئرز کو چکنا یا ہموار رکھتا ہے بلکہ انجن کا درجہ ِ حرارت بھی قابو میں رکھتا ہے۔

انجن آئل کو نہ بدلنا انجن کو نقصان پہنچانے کا باعث بنتا ہے جس کا احساس جلد نہیں ہوتا۔ موٹرسائیکل کے مینوئیل میں عام طور پر بتایا جاتا ہے کہ کب اس آئل کو بدلنا چاہیے تاہم ایسا نہیں تو پاکستان کی گرمیوں کو مدِ نظر رکھتے ہوئے تقریباً ایک ہزار سے ڈیڑھ ہزار کلومیٹر (اس کا انحصار موٹرسائیکل کے ماڈل اور ڈالے جانے والے آئل پر ہے) چلنے کے بعد انجن آئل بدلنا چاہیے۔

اسپارک پلگ کا خیال

اسپارک پلگ ایک چنگاری کے ذریعے پیٹرول کو جلانا شروع کرتا ہے اور اسے موٹرسائیکل مینوئل کے شیڈول کے مطابق بدلنے کی ضرورت ہوتی ہے یا جب کسی مسئلے کا شبہ ہو۔ یہ انتہائی ضروری ہے کہ موٹرسائیکل کے ماڈل سے مطابقت رکھنے والے اسپارک پلگ کا استعمال کیا جائے۔ اگر مینوئل میں کسی خاص قسم کے پلگ کا مشورہ دیا گیا ہے تو وہ لگایا جانا چاہیے۔

موٹرسائیکل کی چین(Chain ) کا خیال
یہ چین پچھلے پہیے کو گھومنے میں مدد دیتی ہے اور اس کا خیال رکھنا ضروری ہے جس کے لیے اسے چکنا رکھنا ہوتا ہے۔ اگر اس کا خیال رکھا جائے تو یہ چین بہت لمبے عرصے تک (20 سے 25 ہزار کلومیٹر) چلتی ہے۔ تاہم اگر اس پر نظر نہ رکھی جائے تو اضافی حرارت اور دیگر عوامل اسے نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

4.موٹرسائیکل کی صفائی
موٹرسائیکل کی صفائی کا خیال رکھنا بھی اس کی مینٹیننس کا حصہ ہے۔ اسے دھول مٹی سے صاف رکھنا نہ صرف اسے خوبصورت رکھتا ہے بلکہ اس کے دیگر فوائد بھی ہیں۔ صاف ستھری موٹرسائیکل زنگ سے محفوظ رہتی ہے جس سے اسے دوبارہ فروخت کرنے پر اچھی قیمت ملتی ہے۔ یہ موٹرسائیکل کی لمبی زندگی کی کنجی بھی ہے۔ صفائی کے دوران نکل جانے والے یا ڈھیلے نٹ بولٹس کے بارے میں جاننا بھی آسان ہوجاتا ہے۔

ٹائروں کا باقاعدگی سے معائنہ
ہفتے میں ایک بار ٹائروں کو چیک کرنا بھی اچھی عادت ہے، آپ کو اس وقت ٹائروں کو بدل دینا چاہیے جب ان پر موجود ڈیزائن گھس جائیں اور آپ کے ٹائر کی سطح ہموار ہوجائے، کیوں کہ ایسی صورت میں یہ بار بار پنکچر ہوں گے، جن کا خرچہ نئے ٹائر کے خرچے سے کہیں زیادہ ہوگا۔

ٹائروں کو چیک کرتے ہوئے پریشر دیکھیں جبکہ سفر سے پہلے ٹائروں کی لکیروں کو چیک کریں اور یقینی بنائیں کہ اس میں کسی قسم کے کریک، سوراخ یا کوئی چیز پھنسی ہوئی نہ ہو جو آپ کے لیے خطرناک ثابت ہوسکے۔

ایئر فلٹر کی صفائی

اگر آپ اپنی موٹرسائیکل کو صحت مند رکھنا چاہتے ہیں تو ایئر فلٹر کو ہر چار سے پانچ ہزار کلومیٹر کے بعد تبدیل کرنا ضروری ہے۔ یہ فلٹر مٹی کو انجن میں داخل ہونے سے روکتا ہے۔

اگر آپ ایسے علاقے میں رہتے ہیں جہاں گلیوں میں دھول مٹی بہت زیادہ ہوتی ہے تو آپ کو ایئر فلٹر باقاعدگی سے صاف کرنا چاہیے۔ اگر ارد گرد کا ماحول صاف ہے تو اس صفائی کی ضرورت کم ہوتی ہے تاہم پھر بھی بہتر ہے کہ اسے ایک وقت کے بعد صاف کردیا جائے، اور چند ماہ بعد تبدیل کر دیا جائے۔

کلچ پلیٹوں کا خیال

کلچ پلیٹیں آپ کی بائیک کے کلچ کا اندرونی حصہ ہے جو گیئر تبدیلی میں مدد دیتا ہے۔ عام طور پر ان کی لائف بیس سے پچیس ہزار کلومیٹر تک ہوتی ہے پر اگر آپ کسی ایسے شہر میں رہتے ہیں جہاں ٹریفک جام بہت زیادہ ہوتے ہیں اور بار بار گیئر تبدیل کرنا پڑتا ہے، تو ہوسکتا ہے کہ آپ کو اس سے آدھے سفر پر ہی کلچ پلیٹیں تبدیل کروانی پڑیں۔