پاک بحریہ نے سمندر میں پھنسی بھارتی کشتی بچالی،ماہی گیروں کے پاکستان زندہ باد کے نعرے

پاک بحریہ نے سمندر میں پھنسی بھارتی کشتی بچالی،ماہی گیروں کے پاکستان زندہ باد کے نعرے

کراچی: پاک بحریہ نے انسانیت کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے کھلے سمندر میں پھنسی بھارتی کشتی کو بچالیا اور بھارتی ماہی گیروں نے پاک بحریہ کی امدادی کارروائیوں سے خوش ہوکر پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کردیئے۔

ذرائع کے مطابق ترجمان پاک بحریہ کے مطابق بھارتی ماہی کی کشتی ’ایس ٹی مارس‘ انجن میں خرابی کے باعث کھلے سمندر میں مشکلات کا شکار تھی تاہم ان کی مدد کو کوئی نہ پہنچا، کشتی میں سوار 12 افراد بھوک پیاس سے نڈھال مدد کے طلب گار تھے، پاک بحریہ کے جہاز عالمگیر نے انسانی ہمدردی کے تحت بھارتی ماہی گیروں کی مدد کی۔


ترجمان نے مزید بتایا کہ پی این ایس عالمگیر کی ٹیکنیکل ٹیم نے بھارتی کشتی کے انجن کی فنی خرابی کو دور کیا جب کہ ماہی گیروں کو اشیائے خورو نوش کے ساتھ طبی امداد بھی فراہم کی جس پر بھارتی ماہی گیروں نے اظہارِ تشکر کے طور پر کھلے سمندر میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پا ک بحریہ انسانی مدد کے آپریشنزکی انجام دہی میں بھی پیش پیش رہتی ہے اور یہ آپریشن اس بات کا بھی غماز ہے کہ پاکستان علاقائی امن کا خواہاں ہے۔

پاک بحریہ کی اس کاوش نے ثابت کردیا کہ چاہے مودی سرکار پاکستان کو اچھا ہمسایہ نہ سمجھا مگر پاکستان ہمیشہ دشمنی کو بھلا کر انسانیت کو ترجیح دیتا ہے۔