عمران خان کو کچھ ہوا تو جہانگیر ترین جیسے لوگ چھوڑ کر بھاگ جائیں گے، حامد خان

عمران خان کو کچھ ہوا تو جہانگیر ترین جیسے لوگ چھوڑ کر بھاگ جائیں گے، حامد خان

اسلام آباد:پی ٹی آئی کے رہنماحامد خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کو کچھ ہوا تو جہانگیرترین جیسے لوگ چھوڑ کر بھاگ جائیں گے۔ عمران خان جہانگیر ترین جیسے لوگوں سے جلدی جان چھڑا لیں۔


میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی رہنما حامد خان بھی جہانگیر ترین کے خلاف بول پڑے اور کہا کہ جہانگیر ترین کے جرائم بہت بڑے ہیں لیکن سپریم کورٹ نے انہیں سزا کم دی ہے۔انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں جہانگیر ترین جیسے لوگ عمران خان کو چھوڑ کر بھاگ جائیں گے، سپریم کورٹ سے نااہل کسی بھی شخص کو پارٹی معاملات نہیں چلانے چاہیئیں۔

حامد خان کا کہنا تھا کہ پارٹی اور عمران خان کو لوگوں نے کہیں اور دیکھا تھا جب کہ جہانگیر ترین نے ایسے لوگوں کو بھی سائیڈ لائن کر دیا جن کو وہ خود ساتھ لائے تھے۔پی ٹی آئی رہنما نے جہانگیر ترین پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ پارٹی انتخابات میں جہانگیر ترین سمیت 4 لوگوں نے پیسے تقسیم کیے تھے جب کہ جہانگیر ترین نے تو اپنے والدین کے خلاف بھی مقدمہ بازی کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں دھڑے بندی سال 2011 کے بعد پیدا ہوئی جب کہ جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین جیسے لوگوں کو بھی پارٹی چھوڑنے پر مجبور کر دیا گیاانہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین کا سیاسی کردار افسوسناک رہا ہے جب کہ جہانگیر ترین نے ہماری پارٹی کو تقسیم کر دیا ہے۔ میں جہانگیر ترین سے ہاتھ ملانا بھی پسند نہیں کرتا کیونکہ انہوں نے پارٹی میں خوف کی فضا پیدا کر رکھی ہے۔