وزیر اعظم  اپوزیشن کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہے ہیں،  حمزہ شہباز

وزیر اعظم  اپوزیشن کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہے ہیں،  حمزہ شہباز
کیپشن: File Photo

لاہور  : حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پاکستان کے دشمن ممالک اکٹھے ہورہے ہیں ملک کو اتحاد اور یگانگت کی ضرورت ہے لیکن وزیر اعظم  کو اپوزیشن کو ستانے کے علاوہ کچھ کام نہیں ہے۔  

تفصیلات کے مطابق ، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے لاہور میں عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا   کہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے حکومت نے مہنگائی کا طوفان پرپا کردیا ہے، حکومتی  وزراء  اپوزیشن پر سوائے تنقید کرنے کے سوا کچھ نہیں کررہے، حکومت آج بلدیاتی نظام کو تبدیل کرنے جا رہی ہے، پشاور میں نیب نام کی چیز نظر نہیں آرہی کیا وہاں نیب سو رہی ہے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ پاکستان کو اندرونی و بیرونی چیلنجز ہیں، بھارت میں مودی کی دوبارہ حکومت پاکستان کے لئے خطرہ ہے، پاکستان کے دشمن ممالک اکٹھے ہورہے ہیں لیکن وزیر اعظم  کو اپوزیشن کو ستانے کے علاوہ کچھ کام نہیں ہے۔ وزیر اعظم کو چاہیے کے وہ اپوزیشن کو ساتھ لے کر ملک کے مسائل کا حل نکالیں اسوقت  ملک کو اتحاد اور یگانگت کی ضرورت ہے جب کہ نوازشریف، شہباز شریف اور میں احتساب سے بھاگنے والے نہیں۔ اپوزیشن حکومت کاساتھ دینے کو تیار ہے۔ 

اس سے قبل لاہور کی احتساب عدالت میں آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل اور رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت ہوئی اس موقع پر اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز عدالت میں پیش ہوئے تاہم شہباز شریف بیرون ملک ہونے کے باعث عدالت میں پیش نہ ہوسکے۔