شہباز شریف کا این اے 249 کراچی کے عوام کے نام پیغام

شہباز شریف کا این اے 249 کراچی کے عوام کے نام پیغام
کیپشن: شہباز شریف کا این اے 249 کراچی کے عوام کے نام پیغام
سورس: file

اسلام آباد: صدر مسلم لیگ ن  محمد شہبازشریف  نے حلقہ این اے 249 کے عوام  کو پیغام میں کہا ہے کہ عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ آج اپنے گھروں سے قومی جذبے کے ساتھ نکلیں اور ووٹ کے اپنے آئینی وجمہوری حق کو پوری ذمہ داری سے استعمال کریں۔

نیو نیوز کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ میں بزرگوں، بھائیوں، بیٹوں، ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں سے گزارش کروں گا کہ ووٹ ہی آپ کی وہ طاقت ہے جسے استعمال کرکے آپ وہ اہل اور دیانتدار قیادت منتخب کرسکتے ہیں جو آپ سے کئے ہوئے ہر وعدے کو پورا کرے جیسا آپ نے ۲۰۱۸ میں کیا ۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے اگر نواز شریف کو ووٹ دیا ۔ مفتاح اسماعیل کو ووٹ دیا ۔ مسلم لیگ ن کے حق میں فیصلہ دیا جنہوں نے عوام کے اعتماد کوکبھی ٹھیس نہیں پہنچائی اور جن کا ریکارڈ ہمیشہ وعدوں کو پورا کرنے کا رہا ہے تو میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ آپ کے بنیادی مسائل انشاءاللہ لازمی حل ہوں گے۔ 

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مجھے پورا اعتماد اوریقین ہے کہ آپ ماضی کی طرح ایک بار پھر درست فیصلہ کریں گے اور ملک وقوم کو مسائل کے گرداب سے نکالنے میں اپنا عملی کردا رادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے پھیلاو کے پیش نظر اپنا اور اپنے اردگرد دیگر افراد کا خیال رکھیں۔ ماسک پہن کر اپنی جان کی حفاظت کریں اور شیر  کو ووٹ ڈال کر اپنے مستقبل کو محفوظ بنائیں۔ اللہ تعالی آپ سب کا حامی وناصر ہو۔