قوم کیلئے خوشخبری، پاکستان میں کورونا ویکسین کی تیاری شروع کرنے کا فیصلہ

قوم کیلئے خوشخبری، پاکستان میں کورونا ویکسین کی تیاری شروع کرنے کا فیصلہ

لاہور: قوم کیلئے خوشخبری ہے کہ پاکستان میں آئندہ ماہ سے کورونا ویکسین کی تیاری کا آغاز ہو جائے گا۔ کین سائنو کی کورونا ویکسین قومی ادارہ صحت میں تیار ہوگی، اس کیلئے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔

چینی کمپنی کے تعاون سے این آئی ایچ میں کین سائینو سنگل ڈوزکورونا ویکسین تیار کی جائے گی، جو مئی کے آخر تک دستیاب ہوگی۔ کین سائنو ٹیم پاکستانی ماہرین کو ویکسین سازی کی تربیت دے رہی ہے۔

دوسری جانب چین سے کورونا ویکسین کی خوراکیں لے کر قومی ائیر لائن کا ایک طیارہ پاکستان پہنچ گیا ہے۔ ترجمان وزارت صحت کے مطابق پی آئی اے کی پرواز سے 3 لاکھ سے زائد سائنو فارم ویکسین پاکستان پہنچائی گئی ہیں۔ ویکسین کی مزید 7 لاکھ خوراکیں 2 طیاروں کے ذریعے پاکستان لائی جائیں گی۔ دوسرا جہاز دوپہر 12 بجے اور تیسرا جہاز رات 12 بجے اسلام آباد پہنچے گا۔

کہا جا رہا ہے کہ پاکستان کی لگ بھگ فیصد آبادی کو کورونا ویکسین کی ڈوزز دینے کا عمل 2023ء کے شروع تک ممکن ہو سکے گا۔

اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں اب تک کورونا کے مجموعی طور پر 8 لاکھ سے زائد کیسز سامنے آ چکے ہیں جبکہ اس عالمی وبا سے جاں بحق ہونے والے شہریوں کی تعداد 17 ہزار 680 تک جا پہنچی ہے۔

یہ بات ذہن میں رہے کہ پاکستان نے رواں سال 2 فروری کو چینی ویکسین سائنو فارم کے ذریعے عوام اور ہیلتھ ورکرز کو حفاظتی ٹیکے لگانے کا عمل شروع کر رکھا ہے۔ سب سے پہلے ہیلتھ ورکرز کو یہ ویکیسن دی گئی، اس کے بعد معمر ترین افراد کی باری آئی، اب 50 سال سے 60 سال کے درمیان عمر والوں کو کورونا ویکسین لگائی جا رہی ہے جبکہ 40 سال تک کے شہریوں کی بھی رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر اعلان کر چکے ہیں کہ عیدالفطر کے بعد تمام شہریوں کیلئے ویکسی نیشن کا شروع کر دیا جائے گا کیونکہ حکومت کا ہدف ہے کہ 18 سال سے زیادہ عمر کے تقریباً دس کروڑ افراد کو حفاظتی ٹیکے لگا دیں۔