جنوبی کوریا کے ساتھ پاکستان ہر شعبے میں تعاون کا فروغ چاہتا ہے، آرمی چیف

جنوبی کوریا کے ساتھ پاکستان ہر شعبے میں تعاون کا فروغ چاہتا ہے، آرمی چیف
کیپشن: جنوبی کوریا کے ساتھ پاکستان ہر شعبے میں تعاون کا فروغ چاہتا ہے، آرمی چیف
سورس: فوٹو/بشکریہ آئی ایس پی آر

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان جنوبی کوریا کے ساتھ ہر شعبے میں تعاون کا فروغ چاہتا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سے جنوبی کوریا کے سفیر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی، دفاعی تعاون ، باہمی دلچسپی کے امور ،علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں خطہ میں امن اور سیکیورٹی کے لیے کوششوں سمیت باہمی تعلقات بڑھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ جنوبی کوریا کے سفیر نے خطہ میں امن اور استحکام کے لیے پاکستانی کوششوں کو سراہا۔ کورین سفیر نے افغان امن عمل میں بھی پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان جنوبی کوریا کے ساتھ ہر شعبے میں تعاون کا فروغ چاہتا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے اہم علاقائی اور عالمی معاملات پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ 

لائیڈ آسٹن نے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور دونوں رہنماؤں کے درمیان افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے پاک امریکا تعلقات کی اہمیت کا اعادہ کیا جبکہ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔