سابق گلوکارہ رابی پیرزادہ نے ترک صدر کے لئے تحفہ تیار کرلیا

سابق گلوکارہ رابی پیرزادہ نے ترک صدر کے لئے تحفہ تیار کرلیا

کراچی، سابق گلوکارہ رابی پیرزادہ جلد ترکی جاکر ترک صدر کو اپنی بنائی گئی پینٹنگ بطور تحفہ دینے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

گلوکارہ رابی پیرزادہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں ترک صدر رجب طیب اردوان کی پینٹنگ تھامے ہوئی ہیں۔

رابی پیرزادہ نے کہا کہ اسلامی دنیا سے میرے پسندیدہ رہنماؤں کی تصویر میں میرے فن کا بہترین مظاہرہ دیکھا جاسکتا ہے۔

رابی پیرزادہ کا کہنا تھا کہ  پاکستان ترک صدر کو خراج تحسین پیش کرتا ہے، میں جلد ترکی جانے کا ارادہ رکھتی ہوں، ترک صدر کو اپنی پینٹنگز بطور تحفہ پیش کروں گی۔

 اس سے قبل رابی پیرزادہ کا کہنا تھا کہ طیب اردوان اسلامی دنیا کے سب سے متاثر کن رہنماؤں میں سے ایک ہیں۔

واضح رہے کہ رابی پیر زادہ قبل ازیں متعدد مشہور شخصیت کی خوبصورت خاکے تیار کرچکی ہیں، رابی نے حال ہی میں شہرہ آفاق ترکش ڈرامہ ’ ارطغرل غازی‘ کے مرکزی کردار ارطغرل کی پینٹنگ بنائی تھی اورمداحوں کے ساتھ اپنی بنائی ہوئی پینٹنگ کو شیئرکیا تھا۔