کورونا وائرس کا پھیلاﺅ، این سی او سی کا بین الاقوامی پروازیں کم کرنے کا فیصلہ

کورونا وائرس کا پھیلاﺅ، این سی او سی کا بین الاقوامی پروازیں کم کرنے کا فیصلہ
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے دنیا بھر میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر بین الاقوامی پروازیں کم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق این سی او سی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان آنے والی مسافر پروازوں کو 5 مئی سے 20 مئی تک کم کیا جائے گا۔ اس کے علاہ پاکستان میں 40 سے 49 سال کے افراد کی کورونا ویکسی نیشن 3 مئی سے شروع کرنے کا فیصلہ بھی کر لیا گیا ہے۔ 
وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے خبردار کیا ہے کہ کورونا کیسز کی شرح 15 فیصد تک پہنچی تو لاک ڈاؤن کے سو ا کوئی راستہ نہیں ہو گا۔ واضح رہے کہ ملک میں آج مزید 151 افراد انتقال کر گئے، مزید پانچ ہزار 480 کیسز رپورٹ ہوئے اور مثبت کیسز کی شرح تقریباً 10 فیصد رہی۔
دوسری جانب کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے این سی او سی کی ہدایت پر سخت اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور ملک بھر میں شام چھ بجے سے سحری تک ہر طرح کے کاروبار بند کرنے کا اعلان ہو چکا جبکہ لاہور میں دفعہ 144 نافذ کئے جانے کیساتھ ساتھ شہریوں سے ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے پاک فوج بھی تعاون فراہم کر رہی ہے۔