عمران خان نے عائشہ گلالئی کو پارٹی کا منحرف رکن قرار دیدیا

عمران خان نے عائشہ گلالئی کو پارٹی کا منحرف رکن قرار دیدیا

اسلام آباد: تحریک انصاف عمران خان نے یکم اگست کو پارٹی کو خیرباد کہنے والی رکن عائشہ گلالئی کے نام خط لکھا ہے جس میں انہیں پارٹی کا منحرف رکن قرار دیا گیا ہے۔ عمران خان کی جانب سے لکھے گئے خط کے متن کے مطابق عائشہ گلالئی نے یکم اگست کو پارٹی سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا اور عائشہ گلالئی نے وزیراعظم کے انتخاب میں پارٹی احکامات کے تحت ووٹ نہیں دیا لہٰذا آئین کے آرٹیکل 63 کے تحت پارٹی کا منحرف رکن قرار دیا جاتا ہے۔

تحریک انصاف کی جانب سے جاری خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ عائشہ گلالئی کے خلاف کارروائی کا فیصلہ پارٹی قیادت کی مشاورت سے کیا جا رہا ہے جب کہ عمران خان نے فیصلے میں بطور پارٹی چیئرمین اختیارات کا استعمال کیا۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا ہے کہ پارٹی سے انحراف کے بعد عائشہ گلالئی پارٹی کی ذمہ دارنہیں رہی۔ عائشہ معطلی کے بعد شو کاز نوٹس کا جواب دینے میں بھی ناکام رہیں۔ یاد رہے کہ یکم اگست کو عائشہ گلالئی نے اسلام آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران عمران خان پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی وجہ سے پارٹی میں ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی عزت محفوظ نہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں