گستاخانہ خاکوں کا معاملہ، شاہ محمود کا ہالینڈ کے وزیر خارجہ سے رابطہ

گستاخانہ خاکوں کا معاملہ، شاہ محمود کا ہالینڈ کے وزیر خارجہ سے رابطہ
کیپشن: نیو یارک میں کونسل آف فارن منسٹرز کے فورم پر بھی معاملہ اُٹھاؤں گا، شاہ محمود۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود نے گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر ہالینڈ کے وزیر خارجہ سے رابطہ کر کے مسلمانوں کے جذبات سے آگاہ کیا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق وزیرخارجہ نے ڈچ ہم منصب اسٹف بلوک سے گستاخانہ خاکوں سے متعلق معاملہ اٹھایا اور کہا کہ ایسے اقدامات سے تمام مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوں گے۔ نفرت اور عدم برداشت کو تقویت ملے گی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں سے متعلق تمام علما و مشائخ کے جذبات سے آگاہ ہیں مگر ایسے معاملے پر صرف پاکستان کے کچھ کرنے کا کوئی اثر نہیں ہو گا۔ تمام مسلم ممالک کے ساتھ مل کر ایک موثر آواز اٹھانا ہو گی۔

ادھر ہالینڈ کے وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ گستاخانہ خاکوں سے اُن کی حکومت کا کوئی تعلق نہیں یہ ایک انفرادی عمل ہے ۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دفتر خارجہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گستاخانہ مواد کے خلاف او آئی سی سے مل کر مشترکا مؤقف اپنانا ہو گا۔ نیو یارک میں کونسل آف فارن منسٹرز کے فورم پر بھی معاملہ اُٹھاؤں گا۔

انہوں نے بتایا کہ اس معاملے پر ترکی کے وزیر خارجہ کو خط لکھا اور انہوں نے پاکستان کے مؤقف کی تائید کی ہے۔