امید ہے فضل الرحمان صدارتی امیدوار کی دوڑ سے دستبردار ہو جائیں گے، اعتزاز احسن

امید ہے فضل الرحمان صدارتی امیدوار کی دوڑ سے دستبردار ہو جائیں گے، اعتزاز احسن
کیپشن: امید ہے کہ پی ٹی آئی کے کئی ارکان مجھے بھی ووٹ دیں گے، اعتزاز احسن۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

اسلام آباد: پیپلز پارٹی کی جانب سے نامزد صدارتی امیدوار اعتزاز احسن نے امید ظاہر کی ہے کہ مولانا فضل الرحمان ان کے حق میں صدارتی امیدوار کی دوڑ سے دستبردار ہو جائیں گے۔

الیکشن کمیشن میں کاغذات نامزدگی کی منظوری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن ذاتی دوست ہیں اور ان کا احترام کرتا ہوں۔ امید ہے کہ وہ میرے حق میں صدارتی امیدوار کی دوڑ سے دستبردار ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سب جماعتوں سے ہمیں ووٹ کی توقع ہے کیونکہ یہ ضمیر کا ووٹ ہے اور سیکرٹ بیلٹ ضمیر کا ووٹ ہوتا ہے۔

اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 63 اے اراکین اسمبلی کو پارٹی کے حق میں ووٹ دینے کا پابند کرتا ہے اور یہ وقت انصاف کا ہے۔ پی ٹی آئی کو امیدواروں کے درمیان بھی انصاف کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صدارت کے لیے موزوں کون ہے اس کا فیصلہ ووٹر کو کرنا ہے تاہم امید ہے کہ پی ٹی آئی کے کئی ارکان مجھے بھی ووٹ دیں گے۔ اعتزاز احسن کا مزید کہنا تھا کہ صدارتی امیدوار کے لیے میرا نام ہونا میری پارٹی کا احسان ہے۔