بھارتی فوج کے مظالم جاری، مزید دو کشمیری شہید کر دیے

بھارتی فوج کے مظالم جاری، مزید دو کشمیری شہید کر دیے
کیپشن: بھارتی حکام نے دعویٰ کیا کہ دونوں نوجوانوں کا تعلق حزب المجاہدین سے تھا۔۔۔۔۔فائل فوٹو

سری نگر: کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے ضلع اسلام آباد (اننت ناگ) کے علاقے منورد میں سرچ آپریشن کے دوران دو نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ شہدا کی شناخت الطاف کشرو اور عمر رشید کے نام سے ہوئی۔ قابض فوج نے اسی علاقے میں ایک گھر کو بھی بارودی مواد نصب کر کے تباہ کر دیا۔ بھارتی حکام نے دعویٰ کیا کہ دونوں نوجوانوں کا تعلق حزب المجاہدین سے تھا۔

کٹھ پتلی انتظامیہ نے ضلع میں عوام کو ایک دوسرے سے رابطے سے روکنے کے لیے انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس معطل کر دی جبکہ ٹرینیں بھی روک دی گئیں تاکہ بے گناہ نوجوانوں کی شہادت کے خلاف احتجاج نہ کیا جا سکے۔ تمام تر پابندیوں اور قدغنوں کے باوجود کشمیری عوام بڑی تعداد میں گھروں سے نکل آئے اور بھارت کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ قابض افواج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کی اور لاٹھی چارج کیا۔

ادھر کپواڑہ میں بھارتی فوج کے ہیڈ کوارٹرز میں لگنے والی آگ سے شدید نقصان پہنچا۔ فوج کی متعدد بیرکس جل کر راکھ ہو گئیں جبکہ اسلحہ اور ایندھن کا بڑا ذخیرہ بھی تباہ ہو گیا۔

دوسری جانب بھارت کی خفیہ ایجنسی نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت کرنے کے الزام میں جموں جیل کے ڈپٹی سپرینٹنڈنٹ فیروز احمد لون اور اسحاق پالا نامی کشمیری کو گرفتار کر لیا۔