حکومت کی ہر چیز کے فیصلے گوگل سے ہورہے ہیں، احسن اقبال

 حکومت کی ہر چیز کے فیصلے گوگل سے ہورہے ہیں، احسن اقبال
کیپشن: فوٹو: فائل

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ حکومت کی ہر چیز کے فیصلے گوگل سے ہورہے ہیں۔ہم نے قربانی دی اور اپنا صدارتی امیدوار نامزد نہیں کیا۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت ہے لیکن ہم نے قربانی دی اور اپنا صدارتی امیدوار نامزد نہیں کیا، ہمارے صدارتی امیدوار مولانا فضل الرحمان کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے ہیں، اپوزیشن کا متفقہ صدارتی امیدوار ہوا تو کامیاب ہوسکتا ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ پیپلز پارٹی اپوزیشن کی اکثریت کا احترام کرے گی اور صدارتی انتخاب کے لیے ہماری حمایت کرے گی۔

احسن اقبال نے کہا کہ پہلے ہمارا خیال تھا کہ ملک میں انڈر 19 کی ٹیم آگئی ہے لیکن جوں جوں دن گزر رہے ہیں لگتا ہے انڈر11 کی ٹیم حکومت کر رہی ہے، حکومت کی ہر چیز کے فیصلے گوگل سے ہو رہے ہیں، ہر معاملے کا حل گوگل دے تو حکومت کس مرض کی دوا ہے، تحریک انصاف کے پاس کوئی روڈ میپ نہیں ہے، عمران خان عوام سے پوچھ رہے ہیں کہ بتائیں منی لانڈرنگ کا پیسہ واپس کیسے لائیں۔