صدارتی الیکشن: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا عارف علوی کی حمایت کا اعلان

صدارتی الیکشن: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا عارف علوی کی حمایت کا اعلان
کیپشن: فوٹو سوشل میڈیا

کوئٹہ :وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے صدارتی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عارف علوی کی حمایت کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا بلوچستان کے مسائل حل کرنے کیلئے پی ٹی آئی کیساتھ چلیں گے، عارف علوی کو صدارتی الیکشن کیلئے ووٹ کی یقین دہانی کرائی ہے۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے وفد نے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال سے ملاقات کی اور صدارتی انتخاب میں حمایت کی درخواست کی۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جام کمال نے کہا بلوچستان کو بہت سے پیچیدہ مسائل کا سامنا ہے، یہاں پسماندگی تمام صوبوں سے زیادہ ہے، پسماندگی کے خاتمے کیلئے حقیقی طور پر کام کرنا ہے، بلوچستان میں صرف دعوے نہیں حقیقی تبدیلی لائیں گے۔پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا بلوچستان کی پسماندگی کے حوالے سے ملاقات میں زیادہ گفتگو ہوئی، ہماری کوشش ہے کہ بلوچستان پسماندگی سے نکلے، بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے مکمل اتفاق ہے۔ انہوں نے کہا بلوچستان کے اپنے وسائل پیدا ہوجانے چاہیں تاکہ کسی سے مانگنا نہ پڑے۔

 یاد رہے الیکشن کمیشن نے 4 ستمبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات کیلئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی۔ الیکشن کمیشن کے ترجمان الطاف احمد خان کے مطابق پولنگ پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد، پنجاب اسمبلی لاہور، سندھ اسمبلی کراچی، خیبرپختونخوا اسمبلی پشاور اور بلوچستان اسمبلی کوئٹہ سمیت 5 مقامات پر ہو گی۔

الیکشن کمیشن کے سابق سیکرٹری کنور دلشاد نے کہا کہ صدر الیکٹورل کالج کے ذریعے خفیہ رائے شماری کے تحت منتخب ہونگے جو قومی اسمبلی، سینیٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں پر مشتمل ہے۔ کنور دلشاد نے کہا کہ 18 ویں آئینی ترمیم کے بعد صدر کے یکطرفہ طور پر پارلیمنٹ تحلیل کرنے کے اختیارات ختم ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک معمول کا عمل ہے کہ صدر ہمیشہ حکمران جماعت سے ہوتا ہے۔