آرمی چیف کا جنوبی وزیرستان کا دورہ، امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ

آرمی چیف کا جنوبی وزیرستان کا دورہ، امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ
کیپشن: فوٹو بشکریہ /آئی ایس پی آر

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ صرف فوجی آپریشنز کے ذریعے کوئی لڑائی ختم نہیں ہوتی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جنوبی وزیرستان کا دورہ کیا۔ 

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کو استحکام لانے سے متعلق آپریشنز اور پاک افغان سرحد پر انگور اڈہ پر باڑ لگانے سے متعلق بریفنگ دی گئی جس پر آرمی چیف نے آہنی باڑ لگانے کی کام کی رفتار اور معیار کو سراہا۔آئی ایس پی آر  نے بتایا کہ آرمی چیف نے وانا میں شمالی و جنوبی وزیرستان کے عمائدین کے مشترکہ جرگے سے خطاب میں سیکیورٹی فورسز کی حمایت اور تعاون پر قبائلی عمائدین کا شکریہ ادا کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا خطاب میں کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان میں حال ہی میں آئی ای ڈی دھماکوں کے چند واقعات ہوئے ہیں اور صرف فوجی آپریشنز کے ذریعے کوئی لڑائی ختم نہیں ہوتی۔انہوں نے کہا کہ وزیرستان میں بڑے پیمانے پر امن بحال کر دیا گیا ہے اور امن کے بعد بحالی اور ترقی کے لیے آپریشن جاری ہے۔

پاک افغان سرحد پر دہشت گردی کے واقعات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پاک افغان سرحد کے علاقوں میں آپریشنز جاری رہیں گے جبکہ سرحد کے ساتھ باڑ لگانے کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کی پیشرفت کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔