کراچی میں حالیہ بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 30 افراد جاں بحق

کراچی میں حالیہ بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 30 افراد جاں بحق

کراچی: کراچی میں مون سون بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 30 افراد جاں بحق ہو گئے۔

کراچی میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی۔ دو دن میں مختلف حادثات کے دوران 30 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ بارش ختم ہونے کے دوسرے دن بھی 11 افراد کی زندگیاں چلی گئیں۔ بیشتر افراد مختلف مقامات پر کھڑے پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔کراچی میں برسات کے بعد ہونے والے نقصان کی تفصیلات بھی سامنے آنے لگیں۔ طوفانی بارش کا پانی سڑکوں سے اترنا شروع ہوا تو ڈوبنے والے افراد کی لاشیں ملنا شروع ہو گئیں۔

دریا  کا منظر پیش کرنے والے شہر قائد کی سڑکوں سے جمعے کی صبح سے ہی ڈوبنے والے افراد کی لاشیں ملنا شروع ہوئیں۔ نارتھ ناظم آباد بلاک ایل، کورنگی کراسنگ، منظور کالونی نالہ اور ہاکس بے برساتی نالے سے ڈوبنے والے 4 افراد کی لاشیں ملیں۔

دو تلوار انڈر پاس اور پنجاب چورنگی انڈر پاس سے بھی گذشتہ روز ڈوبنے والے 14 سالہ لڑکے ارشد اور 35 سالہ شخص کی لاشیں مل گئیں۔ پولو گراونڈ میں جمع  پانی کے جوہڑ سے بھی 14 سالہ خیر اللہ کی لاش ملی جبکہ قیوم آباد کے گھر میں موٹر چلانے کے دوران کرنٹ لگ جانے سے خاتون چندا بی بی کی جان گئی۔ لیاقت آباد سے بھی ایک شخص کی ڈوبی ہوئی لاش ملی۔

گلشن اقبال مدینہ بلیسنگ اپارٹمنٹ اور رفیق شہید روڈ سے بھی 18 سالہ نوجوان اور 65 سالہ شخص کی لاشیں جناح اسپتال منتقل کی گئیں۔ شہر میں دو روز کے دوران بارش کے باعث حادثات و واقعات میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 30 تک پہنچ گئی۔