طوفانی بارشوں سے نقصانات کی اطلاعات پہلے سے موجود تھیں، شہباز شریف

طوفانی بارشوں سے نقصانات کی اطلاعات پہلے سے موجود تھیں، شہباز شریف

لاہور: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب اور طوفانی بارشوں سے نقصانات کی اطلاعات پہلے سے موجود تھیں۔

مسلم لیگ ن پاکستان کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وفاقی حکومت صوبوں کی مدد کے لیے جامع منصوبہ بندی کرے اور سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر متاثرہ عوام کی خدمت کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب اور طوفانی بارشوں سے نقصانات کی اطلاعات پہلے سے موجود تھیں مگر حیرانی ہے کہ حکومت نے کیا تیاری کی تھی ؟ شہباز شریف نے قوم سے اپیل کی کہ پوری قوم سیلاب سے متاثرہ بھائیوں بہنوں کی مدد کرے۔

اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ وفاق حکومت سندھ حکومت کے ساتھ مل کر تین بڑے مسائل حل کرنے جا رہی ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی کی عوام کا درد پوری قوم محسوس کر رہی ہے، اس مشکل اور تباہی کے بعد ہم مثبت سمت میں جا رہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت سندھ حکومت کے ساتھ مل کر تین بڑے مسائل حل کرنے جا رہی ہے۔ٹوئٹر پیغام میں وزیر اعظم نے تفصیلات بتائیں کہ نالوں سے تجاوزات ہٹانے اور صفائی کا کام شروع کیا جا رہا ہے، کراچی کے نالوں کی مکمل صفائی کریں گے۔