بدترین بارشوں کے بعد کراچی سمیت سندھ کے 20 اضلاع آفت زدہ قرار

بدترین بارشوں کے بعد کراچی سمیت سندھ کے 20 اضلاع آفت زدہ قرار
کیپشن: صرف کراچی میں 90 سال کی بارشوں کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: سندھ میں بدترین بارشوں اور خراب ہوتی صورتحال کے بعد صوبائی حکومت نے 20 اضلاع کو آفت زدہ قرار دیدیا۔سندھ میں بارشوں کے باعث ہر طرف تباہی مچی ہوئی ہے صرف کراچی میں 90 سال کی بارشوں کا ریکارڈ ٹوٹ گیا کچھ علاقوں میں تاحال پانی موجود ہے جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا رہا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر اور سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا کہ صوبائی حکومت نے 20 اضلاع کو آفت زدہ قرار دیدیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت سندھ نے سندھ نیشنل کلامیٹیس (پروینشن اینڈ ریلیف) ایکٹ 1958 کے سیکشن 3 کے تحت تفویض کردہ اختیارات کے تحت مذکورہ اضلاع کو آف زدہ علاقے قرار دیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی کے جن 6 علاقوں کو آفت زدہ قرار دیا گیا ہے۔ ان میں کراچی ساؤتھ، کراچی ویسٹ، کراچی ایسٹ، کراچی سینٹرل، کورنگی کراچی، ملیر کراچی شامل ہیں۔

سندھ حکومت کی طرف سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق حیدر آباد ڈویژن کے علاقوں میں حیدر آباد، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، جامشورو، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالہ یار، مٹیاری، دادو شامل ہیں۔

سینٹیر مرتضیٰ وہاب کے مطابق میر پور خاص کے علاقے میر پور، عمر کوٹ اور تھرپارکر کو آفت زدہ قرار دیا گیا ہے۔ دیگر علاقوں میں شہید بینظیر آباد، سانگھڑ شامل ہیں۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بارشوں سے کراچی کے عوام کو درپیش تکالیف کا احساس ہے، وفاقی و صوبائی حکومت مل کر مسائل کے حل کیلئے کام کریں گی۔

وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا اس مشکل گھڑی میں ایک مثبت پیشرفت بھی سامنے آئی ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومت مل کر کراچی کے 3 بڑے مسائل کے حل کیلئے کام کریں گی۔ نالوں کی مکمل صفائی کیساتھ تجاوزات کو ہٹایا جا رہا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کوڑا کرکٹ اور نکاسی آب کے مسئلے کا مستقل حل نکالیں گے اور کراچی کے عوام کو پینے کے پانی کی فراہمی کا مسئلہ حل کریں گے۔