ملک احتجاج سے نہیں، محنت اور خدمت سے آگے بڑھتے ہیں: عثمان بزدار

CM Punjab, Usman Bazdar, PTI government, PDM, Karachi jalsa

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن کے موقف کو عوام میں کہیں پذیرائی نہیں ملی ، ملک احتجاج سے نہیں ، محنت اور خدمت سے آگے بڑھتے ہیں ۔

اپنے بیان میں عثمان بزدار نے کہا کہ آج کراچی میں ہونے والا جلسہ بھی ناکام ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے بے محل جلسوں میں انہیں کوئی دلچسپی نہیں ، اپوزیشن اتحاد بکھر چکا ، ناکام ہوچکا ۔

دوسری جانب ، وزیرِ جیل خانہ جات و ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے بلاول زرداری کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بلاول زرداری کچی عمر میں آصف زرداری سے منفی سیاست کے سارے گن سیکھ چکے ہیں ۔

اپنے بیان میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنی پرفارمنس سے تمام وزرائے اعلیٰ کو مات دے دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موروثی سیاست کی پیداوار بلاول سردار عثمان بزدار کو کٹھ پتلی کہنے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں ۔

ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ دن میں تارے دیکھنے والے قائم علی شاہ عشروں سے سندھ کی وزارت اعلیٰ پر براجمان ہیں ۔ قائم علی شاہ کے سندھ اور آج عثمان بزدار کے پنجاب میں زمین آسمان کا فرق ہے ۔ پنجاب صحت انصاف کارڈ اور یونیورسٹیاں بنا کر عوام کا بوجھ بانٹ رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سندھ نے صاف پانی اور صحت کی مناسب سہولتیں بھی عوام سے چھین لیں ۔ پنجاب نے کورونا کو مات دے دی ، سندھ کورونا کے سب سے زیادہ کیسز پیدا کرتا رہا ۔ آصف علی زرداری کی کٹھ پتلی سندھ کابینہ اور رشتہ دار وزیر ہر محاز پر فیل ہیں ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار آئے روز پرفارمنس کے نئے سنگ میل عبور کر رہے ہیں ۔