پیپلز پارٹی کا 5 ستمبر سے حقوق سندھ کے لیے تحریک چلانے کا اعلان

پیپلز پارٹی کا 5 ستمبر سے حقوق سندھ کے لیے تحریک چلانے کا اعلان
کیپشن: پیپلز پارٹی کا 5 ستمبر سے حقوق سندھ کے لیے تحریک چلانے کا اعلان
سورس: فائل فوٹو

حیدر آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے 5 ستمبر سے حقوق سندھ کے لیے تحریک چلانے کا اعلان کر دیا ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا  حقوق سندھ کے لیے تحریک صوبے کے تمام اضلاع میں چلائی جائے گی۔ 5 ستمبر سے شروع ہونے والی تحریک 2 اکتوبر کو کراچی میں اختتام پذیر ہو گی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ وفاق نے سندھ کے 16 ہزار ملازمین کو فارغ کردیا ہے۔ انہوں ںے کہا کہ جن افراد کو شہید بے نظیر بھٹو کے دور میں نوکریاں ملیں انہیں نکال دیا گیا ہے۔

نثار کھوڑو ںے کہا کہ پاکستان اسٹیل ملز سے 10 ہزار لوگوں کو نکال دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح اوجی ڈی سی ایل، کے پی ٹی اور پی آئی اے سے بھی لوگوں کو نکالا گیا ہے۔ حکمران عوام کا معاشی قتل عام کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نا اہل حکومت زمینی حقائق سے مکمل طور پر لاعلم ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ کی زمینیں سوکھ رہی ہیں اور مردم شماری پر اعتراض ہے کہ ہمیں کم گنا گیا ہے جبکہ سی سی آئی نے ہمارے اعتراض کو مسترد کرتے ہوئے یکطرفہ فیصلہ کیا ہے۔

پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے دعویٰ کیا کہ بیروزگار لوگ اپنے بچے تک فروخت کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔