پی ڈی ایم نے مجھے اپوزیشن لیڈر تسلیم کرلیا ہے: یوسف رضا گیلانی

پی ڈی ایم نے مجھے اپوزیشن لیڈر تسلیم کرلیا ہے: یوسف رضا گیلانی
سورس: فائل فوٹو

ملتان :        اپوزیشن لیڈر سینیٹ سید یوسف رضاگیلانی کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم  نے مجھے اپوزیشن لیڈر تسلیم کر لیا ہے۔  بلاول بھٹو زرداری تین  سے سات ستمبر تک جنوبی پنجاب میں پارٹی کو متحرک کرنے آ رہے ہیں  ۔ پی ڈی ایم سے علیحدگی کے بعد پیپلز پارٹی کا پہلارابطہ شہباز شریف کی رہائش گاہ پر ہوا ۔

         گیلانی ہاؤس ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی کا کہناتھا کہ بلاول بھٹو جنوبی پنجاب کے دورے پر آرہے ہیں اور جہاں جہاں لاک ڈاؤن نہیں ہو گا بلاول بھٹو پارٹی کو متحرک کرنے پہنچیں گے۔

 یوسف رضا گیلانی کا مزید کہنا تھا کہ حکومت میڈیا کی آواز کو دبا رہی ہے، ہماری حکومت نے میڈیا کو انفارمیشن تک رسائی دی، اگر پی ڈی ایم نے احتجاج کا فیصلہ کیا تو ہم سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی میں فیصلہ کریں گے کہ پی ڈی ایم کا ساتھ دیا جائے یا نہیں ۔

 اپوزیشن لیڈر سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا مزید کہنا تھا کہ ہم مولانا فضل الرحمن کااحترام کرتے ہیں اس لئے اُن پر کوئی بات نہیں کروں گا۔

خارجہ پالیسی پر گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا  کہ اس پر کوئی بات اس لئے نہیں کروں گا کیونکہ خارجہ پالیسی کا تعلق ملتان سے ہے۔ ہم جلد بازی سے کام نہیں لیتے اور نا خاموش مفاہمت پر یقین رکھتے ہیں۔

 صوبہ جنوبی پنجاب بارے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ نوے دنوں میں صوبہ جنوبی پنجاب بنانے والے تین سالوں میں سیکرٹریٹ نہیں بنا سکے، ہمیں سیکرٹریٹ نہیں مکمل صوبہ چاہیے