پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کر دیا

پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کر دیا
کیپشن: پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کر دیا
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع کے دہشت گردی سے متعلق بے بنیاد الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے پاکستان پر دہشت گردی سے متعلق الزامات کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں، پاکستان نے بین الاقوامی برادری کے ساتھ بھارت کی ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی اور پاکستان کے خلاف تخریب کاری کے ناقابل ثبوت ثبوت شیئر کیے ہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارت دہشت گردی کو ریاستی پالیسی کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرتا ہے، رواں سال کے دوران بھارت جوہر ٹاون لاہور اور داسو میں چینی اور پاکستانی کارکنوں کے خلاف دہشت گرد حملوں میں ملوث رہا ہے۔

پاکستان نے کہا کہ بھارت کی بی جے پی حکومت اور آر ایس ایس کا ایک واضح مسلم مخالف اور اقلیت مخالف ایجنڈا ہے، بھارتی حکومت نظریاتی وجوہات اور سیاسی فوائد دونوں کے لیے پاکستان کو جھوٹی پروپیگنڈا مہمات کے لیے نشانہ بناتی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ فروری 2019ء میں بالاکوٹ میں بھارت کی نام نہاد ’سرجیکل سٹرائیکس‘ اور غلط تصور کیے گئے اندازے جھوٹ اور دھوکے کے سوا کچھ ثابت نہیں ہوئے، پاکستان نے بھر پور انداز میں بھارت کے خلاف جوابی کارروائی کرتے ہوئے خطے میں اسٹریٹجک توازن بحال کیا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان بھارت کے غیر ذمہ دارانہ رویے کے باوجود خطے میں امن برقرار رکھنا چاہتا ہے، امن کے لیے ہماری خواہش کے باوجود پاکستان کسی بھی جارحانہ بھارتی منصوبے کے خلاف اپنا دفاع کرے گا۔