بھارت کے اگنی فائیو میزائل سے چین پریشان

بھارت کے اگنی فائیو میزائل سے چین پریشان

بیجنگ:  بھارت کی طرف سے اگنی فائیو میزائل کے تجربے پر چین کو تشویش لاحق ہو گئی. معاملہ اقوام متحدہ میں لے جانے کا اعلان کر دیا۔ دوسری طرف بھارت کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے چین کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا اگنی فائیو میزائل کا تجربہ اور اس کی سٹرٹیجک طاقت میں اضافہ کسی ملک کے خلاف نہیں۔وکاس سواروپ نے کہا کہ نئی دہلی کو توقع ہے کہ دوسرے ممالک بھی تسلیم شدہ بین الاقوامی قوانین کی پابندی کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا بڑھتا ہوا تعاون اور سٹرٹیجک خودمختاری‘ علاقے کے استحکام کا باعث ہے اور اس سے ملکوں کے لئے کوئی مشکل پیدا نہیں ہو گی۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ہوا شوینگ نے منگل کے روز بھارت کے میزائل تجربے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ چین اگنی فائیو کے تجربے پر اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں بھارت سے سوالات کرنا چاہتا ہے۔
ترجمان نے بھارتی اور جاپانی میڈیا کے اس پراپیگنڈے پر برہمی کا اظہار کیا کہ اگنی فائیو میزائل کی تیاری کا مقصد چین کو نشانہ بنانا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اس حوالے سے بھارت کو اپنا موقف اور اپنے عزائم واضح کرنے چاہئیں۔