نواز شریف کا ہفتے کو سعودی عرب روانگی کا امکان

نواز شریف کا ہفتے کو سعودی عرب روانگی کا امکان

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے صدر نوازشریف کی ہفتے کو سعودی عرب روانگی متوقع ہے جہاں ان کی اہم سعودی رہنماؤں سے ملاقات کا بھی امکان ہے۔

تفصیلات کے  مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف کی ہفتے کو سعودی عرب روانگی متوقع ہے جہاں ان کی سعودی حکام سے ملاقاتوں کا بھی امکان ہے جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف پہلے ہی سے سعودی عرب میں موجود ہیں اور آج وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے بھی فیملی کے ہمراہ سعودی عرب کے لیے اڑان بھرلی ہے۔

ذرائع کے مطابق نوازشریف کے دورہ سعودی عرب کا ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال سے گہرا تعلق ہے اور اسی سلسلے میں سعودی عرب نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے لیے خصوصی طیارہ بھی بھجوایا تھا جس سے دو روز قبل سعودی عرب پہنچے تھے جہاں کل انہوں نے ترکی کے وزیراعظم سمیت دیگر سعودی حکام سے ملاقاتیں کیں۔

 دوسری جانب نواز شریف کی سعودی روانگی کے باعث اتوار کو سرگودھا میں مسلم لیگ (ن) کا جلسہ بھی منسوخ کردیا گیا۔