سائرہ نصیر کے بیٹے نے قتل کا اعتراف کر لیا

سائرہ نصیر کے بیٹے نے قتل کا اعتراف کر لیا

حیدر آباد: پولیس نے مسلم لیگ فنکشنل کی رہنما سائرہ نصیر کے قتل کیس کے سلسلے میں ان کے بیٹے کو گرفتار کر لیا جس نے اعتراف جرم بھی کر لیا۔ مسلم لیگ فنکشنل کی رہنما سائرہ نصیر رواں ماہ لاپتا ہو گئی تھیں جس کے بعد ان کی مسخ شدہ لاش 7 دسمبر کو برآمد ہوئی۔

پولیس نے گزشتہ رات مقتولہ سائرہ نصیر کے بیٹے فہد کو تفتیش کے لیے طلب کیا اور دوران تفتیش اس نے ماں کو قتل کر کے بیوی کی مدد سے لاش کو آگ لگانے کا اعتراف کر لیا۔ ایس ایس پی حیدرآباد پیر محمد شاہ نے سائرہ نصیر قتل کیس کی میڈیا کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ قتل کے روز بیٹے فہد کی والدہ کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی جس پر مشتعل ہو کر اس نے امام دستے سے ماں کے سر پر وار کیا اور وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گئی۔

ایس ایس پی حیدر آباد کے مطابق ملزم نے اپنی اہلیہ کی مدد سے والدہ کی لاش کو گاڑی میں ڈال کر جرم چھپانے کے لئے ہوسڑی کے قریب گاڑی کو آگ لگائی اور تفتیش کے بعد قاتل فہد اور اس کی بیوی کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

پیر محمد شاہ کے مطابق مقتولہ کی ڈی این اے رپورٹ کا انتظار ہے اور قاتل اپنے جرم کا اعتراف کر چکے ہیں۔ ایس ایس پی حیدر آباد کا کہنا ہے کہ ملزمان کو عدالت میں پیش کر کے ریمانڈ لیا جائے گا اور مقدمے میں ملزمان کا اعترافی بیان اہم ثابت ہو گا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں