ایلسٹر کُک نے 33 سالہ پرانا ریکارڈ توڑ ڈالا

ایلسٹر کُک نے 33 سالہ پرانا ریکارڈ توڑ ڈالا

میلبرن: انگلش ٹیم کے اسٹار اوپننگ بیٹسمین ایلسٹر کُک نے میلبرن میں انفرادی طور پر بڑی ٹیسٹ اننگز کھیلنے کا سابق ویسٹ انڈین بلے باز ویوین رچرڈز کا 33 سالہ پرانا ریکارڈ توڑ ڈالا۔ کک نے کینگروز کے خلاف جاری چوتھے ایشز ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 244 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر کئی ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیے۔ وہ میلبرن میں انفرادی طور پر بڑی ٹیسٹ اننگز کھیلنے والے غیر ملکی کھلاڑی بھی بن گئے۔ انہوں نے ویوین رچرڈز کا 33 سالہ پرانا ریکارڈ توڑا ہے جنہوں نے 1984 میں میلبرن میں 208 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ اس کے ساتھ ساتھ کک 11 مرتبہ 150 پلس اننگز کھیلنے والے انگلش بلے باز بھی بن گئے. انہوں نے سابق ہم وطن بلے بازوں والی ہیمنڈ اور کیون پیٹرسن کا ریکارڈ توڑا ہے جنہوں نے 10، 10 مرتبہ 150 پلس رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

اس کے علاوہ کک آسٹریلوی سرزمین پر دو یا زائد ڈبل سنچریاں بنانے والے تیسرے غیر ملکی کھلاڑی بھی بن گئے۔ اس سے قبل والی ہیمنڈ اور برائن لارا بھی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ ہیمنڈ نے تین ڈبل سنچریاں بنا رکھی ہیں جبکہ کک اور لارا نے دو، دو ڈبل سنچریاں اسکور کیں۔ اس کے ساتھ ساتھ 244 رنز بنانے والے کک کینگروز کے خلاف ایشز سیریز میں بڑی اننگز کھیلنے والے پانچویں انگلش بلے باز ہیں۔

بڑی ایشز اننگز کھیلنے کا اعزاز لین ہٹن کو حاصل ہے جنہوں نے 1938 میں 364 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ فوسٹر 287 رنز کی اننگز کھیل کر دوسرے، بیرنگٹن 256 رنز کی اننگز کھیل کر تیسرے، والی ہیمنڈ 251 رنز کی اننگز کھیل کر چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

ایلسٹر کک نے ٹیسٹ کرکٹ میں سابق ویسٹ انڈین بلے باز برائن لارا کے زیادہ رنز کا ریکارڈ بھی توڑ دیا اور وہ ٹیسٹ میں زیادہ رنز بنانے والے والے بلے بازوں کی فہرست میں چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں۔ کک نے 244 رنز کی اننگز کے دوران 11 ہزار 953 رنز بنانے والے برائن لارا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اپنے رنز کی تعداد 11 ہزار 956 کر لی ہے۔ وہ ابھی وکٹ پر موجود ہیں اور توقع ہے کہ وہ اسی اننگز میں کیریئر کے 12 ہزار رنز کا ہندسہ عبور کر لیں گے۔

ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں زیادہ رنز بنانے کا عالمی اعزاز سچن ٹنڈولکر کو حاصل ہے جنہوں نے 15921 رنز بنا رکھے ہیں۔ رکی پونٹنگ 13378 رنز بنا کر دوسرے، جیک کیلس 13289 رنز بنا کر تیسرے، راہول ڈریوڈ 13288 رنز بنا کر چوتھے اور کمار سنگاکارا 12400 رنز بنا کر پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں