عمران فاروق کیس، 3 اہم ملزمان کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی منظوری

عمران فاروق کیس، 3 اہم ملزمان کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی منظوری

اسلام آباد: عمران فاروق قتل کیس میں وزارت داخلہ نے ایم کیو ایم لندن کے 3 رہنماؤں کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی منظوری دے دی۔ایم کیو ایم لندن کے تینوں رہنماؤں انور حسین، افتخار حسین اور کاشف خان کامران کے ریڈ وارنٹ جاری کئے جائیں گے۔ ایف آئی اے کے درخواست پر وزارت داخلہ نے ریڈ وارنٹ کے اجرا کی منظوری دی۔ ریڈ وارنٹ جاری ہونے کے بعد ایف آئی اے فرانس میں انٹر پول ہیڈ کوارٹر سے رابطہ کر کے تینوں ملزمان کو گرفتار کر کے پاکستان واپس لائے گا۔

یاد رہے انسداد دہشتگردی کی عدالت میں گزشتہ سماعت پر ایف آئی کی جانب سے عمران فاروق قتل کیس کا چالان جمع نہ کرائے جانے کے باعث ملزمان پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی جس پرعدالت نے ناراضگی کا اظہار کیا اور ایف آئی اے کو آئندہ سماعت تک مکمل چالان جمع کرانے کا حکم دیا۔ گرفتار تینوں ملزمان خالد شمیم، محسن علی اور معظم علی کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی توسیع کی گئی۔

واضح رہے متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر رہنما عمران فاروق کو ستمبر 2010 میں گرین لین کے علاقے میں اس وقت قتل کیا گیا تھا جب وہ کام سے گھر کی طرف آ رہے تھے۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں