خورشید شاہ کو سعودی عرب جانے سے متعلق اعتراض نہیں ہونے چاہئیں : خواجہ آصف

خورشید شاہ کو سعودی عرب جانے سے متعلق اعتراض نہیں ہونے چاہئیں : خواجہ آصف


اسلام آباد :وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ خورشید احمد شاہ کو سعودی عرب جانے سے متعلق اعتراضات نہیں ہونے چاہئیں، میاں برادران نے جلاوطنی کے آٹھ سال سعودی عرب میں گزارے، ان کے سعودی عرب کے ساتھ پرانے تعلقات ہیں، پاکستان کے عوام آخری فیصلہ کرنے والے ہیں کہ اس ملک کا حکمران کون ہو گا، 2014ء سے دھرنوں کی سیاست سے کسی کو کامیابی حاصل نہیں ہوئی، جولائی میں انتخابات ہونے جا رہے ہیں یہ لوگ دھرنا دے کر کیا کریں گے، پیپلزپارٹی نے ملک کو اندھیروں میں دھکیلا، ملک کو اندھیروں سے مسلم لیگ (ن) نے نکالا۔


نجی ٹی وی سے گفتگو کرنے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف اور شہباز شریف کے سعودی عرب میں خاندانی تعلقات ہیں اور کاروبار ہے، یہ چیزیں ڈھکی چھپی نہیں، شہباز شریف ملک کے سب سے بڑے صوبہ کے وزیراعلیٰ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام آخری فیصلہ کرنے والے ہیں کہ اس ملک میں کس کی حکمرانی ہو گی۔ ہمارے دنیا کا کوئی ملک سپرطاقت نہیں بلکہ پاکستان کے عوام ہمارے لئے سپرطاقت ہیں اور انہوں نے بار بار ہمارے حق میں فیصلے کئے ہوئے ہیں اور میاں نوازشریف کے حق میں بار بار فیصلے کئے ہوئے ہیں۔


خواجہ آصف نے کہاکہ دھرنوں کی سیاست 2014ء سے جاری ہے۔ یہ سیاست کامیاب نہیں ہوئی۔ اب جولائی میں الیکشن ہونے جا رہے ہیں۔ اب دھرنا دے کر کیا کر لیں گے جو دھرنے ہوئے ہیں انہوں نے عوام پر کوئی اچھا تاثر نہیں چھوڑا۔ دھرنے دے کر عوام کے ووٹ کی طاقت کو پامال کرتے ہیں جو لوگ اس وقت شور مچا رہے ہیں ایک میگاواٹ بجلی خیبرپختونخوا میں پیدا نہیں ہوئی اور پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ ہم بجلی پیدا کر کے باقی صوبوں کو بھی دیں گے۔