وائٹ ہاﺅس نے امریکی صدر کے افغانستان سے فوجی انخلا کے فیصلے کی تردید کردی

وائٹ ہاﺅس نے امریکی صدر کے افغانستان سے فوجی انخلا کے فیصلے کی تردید کردی
کیپشن: تصویر بشکریہ ٹوئٹر

واشنگٹن:امریکی میڈیا کی جانب سے افغانستان سے نصف فوج واپس بلانے کی خبر کے بعد وائٹ ہاﺅس بھی میدان میں آگیا ہے اورترجمان نے افغانستان سے امریکی فوجی انخلا کے فیصلے کی تردید کردی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کے معاملے نے نیا موڑ اختیار کرلیا۔
امریکی نیشنل سکیورٹی کونسل کے ترجمان گریٹ مرکس نے جاری کردہ مختصر بیان میں کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان سے امریکی فوج کی واپسی کے احکامات نہیں دیے کیونکہ وہ وہاں امریکی فوج کی نفری کم نہیں کرنا چاہتے۔

گریٹ مرکس نے کہا کہ امریکی صدر کی جانب سے محکمہ دفاع پنٹاگون کو افغانستان سے فوجی انخلا کے احکامات نہیں ملے ہیں۔خیال رہے کہ چند روز قبل امریکی میڈیا نے خبر دی تھی کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان سے اپنی نصف فوج واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

افغانستان میں تعینات 14 ہزار امریکی فوجیوں میں سے 7 ہزار کو واپس بلایا جائے گا، تاہم اب امریکی حکام کی جانب سے اس خبر کی تردید کی گئی ہے۔یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام سے باضابطہ طور پر اپنی فوج واپس بلانے کا اعلان کیا ہے۔