وزیراعلیٰ پنجاب نے جلد صوبہ جنوبی پنجاب کا سیکرٹریٹ قائم کرنے کا اعلان کردیا

وزیراعلیٰ پنجاب نے جلد صوبہ جنوبی پنجاب کا سیکرٹریٹ قائم کرنے کا اعلان کردیا
کیپشن: نیو نیوز سکرین گریب

بہاولپور:وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے جلد صوبہ جنوبی پنجاب کا سیکرٹریٹ قائم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبائی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ اجلاس تین گھنٹے تک جاری رہا ہے جس میں 23 نکاتی ایجنڈے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،تجاوزات کیخلاف آپریشن بڑے مگرمچھوں سے شروع کیا ہے جبکہ جنوبی پنجاب کے قیام کے لئے کمیٹیاں بن چکی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے لیے میگا پروجیکٹس کا اعلان کریں گے جب کہ صوبہ جنوبی پنجاب کا سیکرٹریٹ جلد قائم کیا جائے گا،لاہور سے باہر صوبائی کابینہ کے اجلاس کا اعزاز بہاولپور کو حاصل ہوا ہے اور جلد اتفاق رائے سے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ قائم کریں گے۔


سردار عثمان بزدار نے کہا کہ 70 سال میں کبھی لاہور سے باہر کابینہ اجلاس نہیں کیا گیا تھا لیکن ہم نے بہاولپور میں کابینہ اجلاس کر کے یہ واضح کر دیا ہے کہ فیصلے اب لاہور میں بیٹھ کر نہیں ہوں گے۔ اب ہم ہر ڈویڑنل ہیڈ کوارٹرز میں اجلاس کریں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت میں کسی کی لڑائی نہیں ہے اور سب ایک پیج پر ہیں۔