ایم کیوایم پاکستان سندھ میں کسی گیم کا حصہ نہیں بنے گی:خالد مقبول صدیقی

ایم کیوایم پاکستان سندھ میں کسی گیم کا حصہ نہیں بنے گی:خالد مقبول صدیقی
کیپشن: Image Source : Facebook

کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ سندھ میں کسی گیم کا حصہ نہیں بنے گی، سندھ حکومت کسی بھی سانحے سے پہلے متحدہ رہنماﺅں کو فوری سیکیورٹی فراہم کرے۔

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کوایم کیو ایم کے عارضی مرکز بہادرآباد کراچی میں خالد مقبول صدیقی کی زیرصدارت متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں علی رضا عابدی کے قتل سے متعلق ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کو تحقیقات سے لاعلم رکھنے اور متحدہ رہنماں کو سیکیورٹی فراہم نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔اراکین کا کہنا تھا کہ علی رضا عابدی کا قتل ایم کیو ایم اور کراچی کے لیے بڑا سانحہ ہے ان کے قاتلوں کی فوری گرفتاری عمل میں لائی جائے۔

سندھ حکومت ایم کیو ایم کو قتل کی تحقیقات اور پیش رفت سے آگاہ نہیں کررہی۔رابطہ کمیٹی اراکین کا کہنا ہے کہ وزیر اعلی سندھ کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانا ہمارا جمہوری اور آئینی حق ہے، سندھ میں سیاسی جوڑ توڑ اور موجودہ صورتحال پر پی ٹی آئی سے رابطہ ہوا ہے ، ایم کیو ایم حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے آئندہ کی حکمت عملی سے متعلق کوئی فیصلہ کرے گی لیکن ایم کیو ایم کسی گیم کا حصہ نہیں بنے گی۔

اجلاس میں مزید کہا گیا کہ سندھ حکومت کو کہنے کے باوجود رہنماں کو سیکیورٹی فراہم نہیں کی جارہی، سندھ حکومت کسی بھی سانحے سے پہلے ہوش کے ناخن لے اور ایم کیو ایم رہنماﺅں کو فوری طور پرسیکیورٹی فراہم کی جائے ، اس کے علاوہ رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں سندھ میں گیس کے بڑھتے ہوئے بحران پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔