مائونٹ مانگنوئی ٹیسٹ: پاکستانی ٹیم کو جیت کیلئے 373 رنز کا ہدف

mount maunganui Test: Pakistan set a target of 373 runs to win
کیپشن: فائل فوٹو

مائونٹ مانگنوئی: نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو جیت کیلئے 373 رنز کا ہدف دیدیا ہے۔ پاکستانی بلے بازوں کی ناقص بیٹنگ کی وجہ سے یہ میچ ہاتھ سے جاتا ہوا نظر آ رہا ہے۔

ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں میزبان کھلاڑیوں کی کارکردگی بھی اچھی نہیں رہی۔ نیوزی لینڈ نے 180 رنز بنا کر اپنی اننگز ڈکلیئر کر دی تھی ۔ کیوی اوپنرز کے علاوہ کوئی اور بلے باز پاکستانی باؤلرز کا اچھی طریقے سے سامنا نہیں کر سکا۔

ٹام لیتھم نے 53 جبکہ ٹام بلینڈل نے 64 رنز بنائے اور نمایاں بلے باز رہے۔ اس کے بعد نیوزی لینڈ کی وکٹیں پے در پے گرتی رہیں۔ کپتان کین ولیمسن 21، ہنری نک ہولز 11، بی جے ویٹنگ صرف پانچ رنز بنا سکے۔ مچل سینٹنر نے 6 جبکہ روز ٹیلر نے 12 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

دوسری اننگز میں پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے دو جبکہ نسیم شاہ اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ نیوزی لینڈ نے 180 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کیلئے 373 رنز کا ہدف ملا۔

خیال رہے کہ پہلی اننگز میں کپتان کین ولیمسن کی شاندار 129 رنز کی اننگز کی بدولت نیوزی لینڈ نے 431 رنز بنائے تھے۔ دیگر بلے بازوں میں بی جے ویٹنگ 73 جبکہ ہنری نک ہولز 56 رنز بنا کر نمایاں رہے تھے۔

پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز کی خاص بات شاہین آفریدی اور یاسر شاہ کی شاندار باؤلنگ تھی۔ شاہین آفریدی نے 109 رنز دے کر 4 جبکہ یاسر شاہ نے 113 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

پاکستانی بلے بازوں نے پہلی اننگز میں انتہائی ناقص بیٹنگ سے شائقین کرکٹ کو بہت مایوس کیا۔ ابتدائی تمام کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔

تاہم اس موقع پر کپتان محمد رضوان اور فہیم اشرف نے ٹیم کو سنبھالا اور یادگار بلے بازی کرکے فالو آن کی لٹکتی تلوار کو اپنے سروں سے ہٹایا۔ محمد رضوان نے 71 اور فہیم اشرف نے 91 رنز کی اننگز کھیل کر خوب داد وتحسین حاصل کی۔

اب دوسری اننگز میں بھی پاکستانی ٹیم پر شکست کے بادل منڈلا رہے ہیں۔ پاکستانی ٹیم کے دونوں اوپنر شان مسعود اور عابد علی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔