حکومت کہیں نہیں جا رہی، عمران خان کو عوام کا بھرپور اعتماد حاصل ہے: وزیر خارجہ

The government is not going anywhere, Imran Khan has the full confidence of the people: Foreign Minister
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمیں پی ڈی ایم کے جلسوں سے کوئی خطرہ نہیں، حکومت کہیں نہیں جا رہی۔ عمران خان خان کو عوام کا بھرپور اعتماد حاصل ہے۔

وزیر خارجہ نے یہ بات ایک ٹیلی وژن چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی جانب سے حکومت کو 31 جنوری کی ڈیڈ لائن سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑے گا، اس کا بھی ماضی میں 31 دسمبر کو دی گئی ڈیڈ لائن جیسا ہی ہوگا۔

شاہ محمود قریشی نے اپوزیشن کی دھمکیوں کا جواب دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پی ڈی ایم رہنما 31 جنوری کا انتظار نہ کریں بلکہ حکومت کیخلاف جو بھی کرنا چاہتے ہیں، وہ ابھی کیوں نہیں کر لیتے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ خام خیالی ہے، ایسا کبھی نہیں ہوگا کیونکہ عمران خان عوام کے ووٹوں سے منتخب ہو کر اقتدار میں آئے اور انھیں ان کا بھرپور اعتماد حاصل ہے۔

وزیر خارجہ کا اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ بات سوچنے کی ہے کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کو اسرائیل کیخلاف ریلی نکالنے کی ضرورت کیوں پیش آئی ہے۔ یہ اعلان عوام کو دھوکا دینے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت کا اسرائیل کے بارے میں دو ٹوک موقف ہے اور اس میں کوئی کمی نہیں آئی۔ اپوزیشن کا حکومت کیخلاف گھڑا گیا بیانیہ اب دم توڑ چکا ہے۔ پی ٹی آئی حکومت پر ایسا کوئی دباؤ نہیں ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کر لیا جائے۔

دوران گفتگو انہوں نے مولانا اجمل قادری کے بیان کا نقطہ اٹھایا اور کہا کہ ہمیں اس بات کی وضاحت چاہیے کہ وہ کون سا پیغام لے کر اسرائیل گئے تھے اور ان کا ایجنڈا کیا تھا؟